Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / بینکوں کو رقومات کی ہنوز عدم فراہمی

بینکوں کو رقومات کی ہنوز عدم فراہمی

نوٹ بندی کے 50 بعد بھی عوام کو کوئی راحت نہیں
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : نوٹ بندی کے 50 دن مکمل ہونے کے لیے صرف ایک دن باقی رہ گیا ۔ منگل کو 48 دن مکمل ہوگئے ۔ بینکوں کو رقم نہیں پہونچائی جارہی ہے اور نہ ہی اے ٹی ایم میں رقم ڈالی جارہی ہے جس سے عوام کی مشکلات جوں کے توں برقرار ہیں ۔ یکم جنوری کی پہلی تاریخ کو لے کر عوام میں تجسس پایا جاتا ہے ۔ 8 نومبر کو وزیراعظم نریندر مودی نے 500 اور 1000 روپئے کی نوٹوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صرف 50 دن کے لیے ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی تھی حالت سازگار ہوجانے کا عوام کو یقین دلایا تھا ۔ حالت قابو میں نہ آنے پر ہر سزا کے لیے تیار رہنے کا بھی اعلان کیا تھا ۔ نوٹ بندی کے 49 دن مکمل ہوچکے ہیں مگر عوام کو ابھی تک کوئی راحت نہیں ملی ہے اور نہ ہی فوری کوئی راحت ملنے کے آثار نظر آرہے ہیں ۔ منسوخ شدہ 500 اور 1000 روپئے کے نوٹ صرف 30 دسمبر تک بینکوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔ اس کے بعد منسوخ شدہ نوٹوں کا چلن ختم ہوجائے گا ۔ آر بی آئی میں جمع کرائی جاسکتی ہے ۔ گذشتہ دیڑھ ماہ کے دوران منسوخ شدہ تقریبا 70 ہزار کروڑ روپئے کے نوٹ تلنگانہ کے بینکوں میں جمع ہوچکے ہیں ۔ اس کے بدلے میں آر بی آئی نے صرف 20 ہزار کروڑ روپئے کی نئی کرنسی تلنگانہ کو روانہ کی ہے جس میں 90 فیصد نئی کرنسی 2000 روپئے کی نوٹوں پر مشتمل ہے ۔ عوام کے درمیان سے 50 ہزار کروڑ روپئے ہٹ چکے ہیں ۔ چلر کی عدم دستیابی سے عوام کے مسائل میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ بینکوں کو روزانہ 5 تا 10 لاکھ روپئے جاری کئے جارہے ہیں جو چند گھنٹوں میں ختم ہورہے ہیں صرف 10 فیصد اے ٹی ایم میں رقم ڈالی جارہی ہے ۔ 90 فیصد اے ٹی ایم کیاش لیس ہوگئے ہیں جس سے عوام کو اپنی جمع پونجی بینکوں سے نکالنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ آج بھی عوام بینکوں اور اے ٹی ایم کی قطاروں میں دیکھے جارہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مرکزی حکومت اور آر بی آئی پر دباؤ بنانے کے بجائے تلنگانہ کو کیاش لیس سوسائٹی میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ ریاست کے دیہی علاقوں میں 1819 بینکس ہیں جہاں سے عوام کو صرف 5 ہزار روپئے ہی دئیے جارہے ہیں ۔ زیادہ رقم طلب کرنے پر مجبوری کا اظہار کیا جارہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT