Sunday , August 20 2017
Home / جرائم و حادثات / بینک کھاتوں کی ہائکنگ کے ذریعہ لاکھوں کی دھوکہ دہی، بین ریاستی ٹولی گرفتار

بینک کھاتوں کی ہائکنگ کے ذریعہ لاکھوں کی دھوکہ دہی، بین ریاستی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 19 جنوری (سیاست نیوز) بینک کھاتوں کی ہائیکنگ کے ذریعہ لاکھوں روپئے ہڑپنے والے دھوکہ بازوں کی ایک بین ریاستی ٹولی کو سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر ٹی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ گزشتہ سال 8 ڈسمبر کو بیگم پیٹ کے مسٹر عبدالعلیم نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی جس میں اُنھوں نے بتایا کہ اُن کے آئی سی آئی سی آئی بینک سے اچانک 7 لاکھ 90 ہزار روپئے غائب ہوگئے ہیں۔ سائبر کرائم نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور دوران تحقیقات یہ پتہ لگایا کہ عبدالعلیم کے بینک کھاتے سے جبل پور (مدھیہ پردیش) کے ساگر کمار کے بینک کھاتے میں رقم منتقل ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس کی ایک ٹیم جبل پور پہونچ کر 29 سالہ ساگر کمار رائے داس اور 40 سالہ سنجے پٹیل، 26 سالہ فراز احمد خان کو گرفتار کرلیا اور اُنھیں حیدرآباد منتقل کرکے اُن کی تفتیش کی گئی جس میں ملزمین نے انکشاف کیاکہ وہ بینک کھاتوں کی ہائیکنگ کے ذریعہ لاکھوں روپئے کی نقد رقم اپنے بینک کھاتوں میں منتقل کرلیا کرتے تھے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے دو لاکھ 70 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلی اور ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے اُنھیں جیل بھیج دیا۔ اس کیس میں پولیس کو مدھیہ پردیش کے روہت شرما، راجہ ٹھاکر تومر ، نریش مالویا اور اترپردیش کے راہول تیواری، ممبئی کے ڈیوڈ کی تلاش ہے۔

TOPPOPULARRECENT