Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / بینک کے 100 قرض نادہندگان کے نام ظاہر کرنے کا مطالبہ

بینک کے 100 قرض نادہندگان کے نام ظاہر کرنے کا مطالبہ

راجیہ سبھا میں اپوزیشن کا احتجاج ، قرض چوروں کا تحفظ کرنے کا الزام
نئی دہلی ۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن پارٹیوں نے آج راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بینک کے کم از کم 100 قرض نادہندگان کے نام ظاہر کریں ، اور ان کے ناموں کو اخبارات میں شائع کریں۔ ان کا تحفظ کرنے والوں کو بھی نہ بخشا جائے ۔ راجیہ سبھا میں سماج وادی پارٹی کے رکن نریش اگروال نے اس مسئلہ کو اُٹھایا اور کہاکہ آر بی آئی نے حالیہ سب سے بڑے قرض نادہندگان کی فہرست جاری کی ہے ۔ ان کی وجہ سے ملک پر 25 فیصد کا بوجھ بڑھ گیا ہے لیکن آر بی آئی نے ان قرض نادہندگان کے ناموں کو شائع کرنے سے انکار کیا ہے۔ اگر قرض نہ دینے والے طالب علم یا کسان کا نام شائع کیا جاتاہے تو ان بڑے قرض نادہندگان کا نام مخفی کیوں رکھا جارہا ہے ؟ انھوں نے ان تمام 100 قرض نادہندگان کے نام عوام کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ملک یہ جاننا چاہتا ہے کہ آخر یہ کون لوگ ہیں جن کاتحفظ کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے راجیہ سبھا کے لیڈر اور وزیرفینانس ارون جیٹلی سے بھی جواب دینے کا مطالبہ کیا جو اس وقت ایوان میں موجود تھے ۔ لیکن ارون جیٹلی نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا ۔ ڈپٹی چیرمین پی جی کورین نے کہاکہ جو مسئلہ اُٹھایا گیا ہے وہ اہم ہے لیکن اس پر بحث کا یہ وقت نہیں ہے ۔ اس کے بعد اگروال نے پارلیمنٹ سے کہاکہ تو بجٹ منظور کیاجانا چاہئے ۔ اپوزیشن پارٹیوں کے دیگر ارکان نے بھی اگروال کے مطالبے کی حمایت کی ۔

TOPPOPULARRECENT