بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی درانداز ہلاک

   

امرتسر: پنجاب میں انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور امرتسر دیہی پولیس کی مشترکہ مہم کے تحت ایک پاکستان درانداز کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔پولیس نے آج بتایا کہ بی ایس ایف افسر منگل اورچہارشنبہ کی درمیانی شب بی ایس ایف جوان ہندوستان کی نگرانی والی چوکی ککڑ میں گشت کررہے تھے ۔ اسی دوران جوانوں نے کانٹوں کی باڑھ کے نزدیک کچھ ہلچل دیکھی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستانی سرحد میں ہتھیار اورمنشیات کے ساتھ ایک شخص دراندازی کی کوشش کررہا تھا۔ جوانوں کے انتباہ دینے کے بعد حفاظتی دستوں کی گولی باری میں اسے مار گرایاگیا۔ حفاظتی دستوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاش شروع کردی ہے ۔ اس کے قبضے سے اسلحہ و دیگر اشیاء برآمد کئے گئے۔
دو اے کے 47 اسالٹ، دو میگزین، 22 کلو گرام ہیروئن، ایک موبائل فون، پلاسٹک کا پائپ اور پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ہے ۔اس معاملے میں تھانہ لوپوکے نے گورداس پور کے دو اسمگلر جگدیش بھورا اور جسپال سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ جگدیش بھورا ا س وقت بیلجیئم میں ہے اور ملک مخالف سازشوں میں ملوث ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بھورا کے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلقات ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایس آئی پاکستانی اسمگلر بلال کو مہرہ بنا کر سرحد پار سے ہتھیاروں کی کھیپ بھیجنے کی سازش رچ رہا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ جسپال سنگھ کے آئی ایس آئی سے بھی تعلقات ہیں۔واضح رہے کہ چار روز قبل بی او پی پُل موراں سے بی ایس ایف نے دو اے کے 47 اسالٹ سمیت میگیزن اور 30 [؟][؟]بور پستول سمیت کئی کارتوس برآمد کئے تھے ۔ امکان ہے کہ بی ایس ایف کے افسران اس معاملے میں پاکستان رینجر کے عہدیداروں کے ساتھ فلیگ میٹنگ کریں گے ۔