Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / بیوروکریٹس کو ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے وزیراعظم کا مشورہ

بیوروکریٹس کو ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے وزیراعظم کا مشورہ

عوام کی بہبود کیلئے رابطہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ۔ دفتر میں ہی بندرہنے کی عادت ترک کردیں
نئی دہلی 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سیول سرونٹس سے کہاکہ وہ خود کو دفتروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے عوام کی بہبود اور ملک کی ترقی کے لئے ایجنٹ بن جائیں۔ ان کی عوام سے رابطہ کاری اور ان کے درمیان پہونچ کر ان کے مسائل کی یکسوئی کی کوشش کرنا ضروری ہے۔ یہاں پر یوم سیول سرویسس کے موقع پر بیوروکریٹس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان سے کہاکہ تجربہ کی بنیاد پر ہی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ اچھے نتائج کے لئے عوام سے راست ملاقات کریں اور اس کے علاوہ خود کے اندر دفتر میں محروس رہنے کی عادت ترک کردیں۔ بعض لوگ بند کمروں میں رہ کر کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ہم کو تنہائی میں رہ کر کام کرنے کے بجائے عوام کے درمیان پہونچ کر کام کرنے سے زیادہ سے زیادہ بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ ہم کو بند کمروں سے باہر نکل آنے کی ضرورت ہے اور قومی تعمیر کے لئے ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کریں۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ قبل ازیں سیول سرویسس کا رول ایک ریگولیٹر کا کام کرنا تھا اس کے کچھ وقفہ کے بعد ان کا رول بدل گیا اور وہ ایک اڈمنسٹریٹر بن گئے اور اس کے بعد کنٹرولر ہوگئے ہیں۔ جب حالات مزید بدل جائیں گے تو آپ لوگ (سیول سرونٹس) کو انتظامی مہارت حاصل کرنے کی فکر لاحق ہوگی۔ وقت بدل رہا ہے صرف ایک اڈمنسٹریٹر اور کنٹرول ہونا ہی کافی نہیں ہے۔ وقت کا تقاضہ یہ ہے کہ ہر ایک کو ہر سطح پر تبدیلی کا نقیب بن کر کام کرنا ہوگا۔ ہم کو ملک کی ترقی اور عوامی بہبود کے لئے تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ جب ہم ایک جگہ بیٹھ جاتے ہیں تو ہم تجربہ بھول جاتے ہیں

جب ہم تجربہ نہیں کریں گے اور کسی جوکھم کے بغیر کام نہیں کریں گے تو ہم میں تبدیلی کس طرح آئے گی اور یہ کیسے معلوم ہوگا ہم کو تبدیلیاں کس طرح لانی چاہئے۔ اگر تجربے نہ کریں تو پھر یہ ایک کام کی حد تک محدود ہوں گے۔ اپنی 45 منٹ کی تقریر میں انھوں نے مرکز اور ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بیوروکریٹس کی کثیر تعداد نے کہاکہ سینئر عہدیدار اپنے تجربات اور علم سے اپنے جونیرس کو واقف کرواسکتے ہیں۔ یہ جونیر مختلف شعبوں سے آتے ہیں انھیں اچھے کام سکھائے جائیں تاکہ وہ بھی خود کو ملک کی ترقی اور عوامی بہبود کے لئے وقف کرسکیں۔ میں ہمیشہ تجربات کو پسند کرتا ہوں جو لوگ مختلف شعبوں میں کام کرتے ہوئے تجربہ حاصل کرتے ہیں انھیں ایک مختلف قسم کا اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اصلاحات اور اصلاحات کے لئے انھوں نے جو نعرہ بلند کیا ہے اس کو سیول سرونٹس ہی پورا کرسکتے ہیں۔ ان کی خدمات کے ذریعہ ہی اصلاحات در اصلاحات لائے جاسکتے ہیں۔ اگر سیول سرونٹس اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو بنیادی سطح پر تبدیلی یقینی ہوگی۔ سرکاری ملازمین کے لئے کسی بھی کام کی انجام دہی میں تکان محسوس نہیں ہونی چاہئے جبکہ وہ کسی کام کا ذمہ لیتے ہیں تو اس کو کامیابی کے ساتھ پورا کرنا ہوگا۔ سیول سرونٹس کو خود کے اندر تبدیل لاکر عوامی بہبود پر  غور کرنے کی ضرورت ہے جب تک عوام کا ساتھ نہ دیا جائے ترقی کی اُمید موہوم ہوجاتی ہے۔ ہر ایک اہم کام میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنایا جائے۔ مودی نے بیورو کریٹس سے کہاکہ وہ عوام کے قریب ہوجائیں اس لئے کہ سرکاری اسکیمات اور اقدامات کے بہتر نتائج برآمد ہوں اور بنیادی سطح پر ان اسکیمات کی عمل آوری ہوسکے۔ حکمرانی کے مختلف شعبوں میں انجام دی جانے والی اسکیمات کا جائزہ لینے کے لئے انھوں نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس سے کارکردگی کا اندازہ ہوگا۔ بیورو کریٹس خود کو بند گلی تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کی منزل اس سے بھی آگے ہونی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT