Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / بیٹسمنوں، متبادل کھلاڑیوں کیلئے نئے ہیلمٹس لگانا لازمی

بیٹسمنوں، متبادل کھلاڑیوں کیلئے نئے ہیلمٹس لگانا لازمی

فلپ ہیوز کی موت کے پیش نظر کرکٹ آسٹریلیا کے رہنمایانہ خطوط جاری
ملبرن ، 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں کرکٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ بیٹسمنوں کو فاسٹ اور میڈیم فاسٹ بولنگ کا سامنا کرتے وقت نئے ڈیزائن کے ہیلمٹ پہننا لازمی ہو گا۔ یہ فیصلہ آسٹریلیائی بیٹسمن فلپ ہیوز کی موت کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد آیا ہے۔ وہ نومبر 2014ء میں سر کے پچھلے حصے پر گیند لگنے سے دو روز کوما میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ اُن کی موت کے بعد کرکٹ کے حفاظتی اقدامات کی جانچ کا حکم دیا گیا تھا۔ نئے قوانین کے مطابق آسٹریلیا میں ڈومیسٹک میچوں میں بلے بازوں کو برطانوی معیار کے ہیلمٹ پہننے ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو یہ ہیلمٹ ٹریننگ کے دوران بھی پہننے ہوں گے۔ وکٹوں کے قریب کھڑے ہونے والے وکٹ کیپروں اور بیٹسمن سے سات میٹر کے فاصلے پر کھڑے فیلڈروں کو بھی لازمی طور پر یہ ہیلمٹ پہننے ہوں گے۔ یہ اقدامات ان نئے انکشافات کے باوجود متعارف کرائے جارہے ہیں کہ موجودہ ڈیزائن کے ہیلمٹ سے بھی ہیوز کی زندگی نہ بچ پائی۔ 25 سالہ فلپ ہیوز کو گردن پر باؤنسر لگنے کے بعد فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ دو دن بعد چل بسے۔ کرکٹروں کو گردن پر کلپ سے لگائے گئے گارڈ پہننے کی ضرورت نہیں ہو گی کیونکہ تحقیق کے مطابق ان کے تحفظ کے کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT