Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / بیڈمینٹن :سائنہ نیہوال نے دوسرا آسٹریلین اوپن خطاب جیت لیا

بیڈمینٹن :سائنہ نیہوال نے دوسرا آسٹریلین اوپن خطاب جیت لیا

فائنل میں چین کی اسٹار کھلاڑی سون یو کو سخت مقابلہ میں شکست ۔ حیدرآبادی اسٹار کو اولمپکس سے خطاب اہم جیت
سڈنی 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بیڈمینٹن اسٹار سائنا نیہوال کو اولمپکس سے قبل آج اس وقت ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب انہوں نے چین کی سون یو کو سوپر سیریز بیڈمینٹن ٹورنمنٹ کے فائنل میں شکست دیتے ہوئے دوسرا آسٹریلین اوپن خطاب جیت لیا ہے ۔ 26 سالہ حیدرآبادی اسٹار نے تین گیمس پر مشتمل فائنل میں سخت جدوجہد اور بہترین مظاہرہ کے ذریعہ چین کی سون یو کو شکست دیدی ۔ انہوں نے یہ مقابلہ 11 – 21, 21 – 14 اور 21 – 19 سے جیت لیا ۔ سائنہ نے یہ مقابلہ ایک گھنٹہ اور 11 منٹ میں جیت لیا ۔ لندن اولمپکس کی برانز میڈل یافتہ سائنہ نیہوال فائنل تک رسائی کی دوڑ میں بھی بہترین مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں سابقہ عالمی چمپئن رچانوک انٹانون اور سیمی فائنل میں ایک اور سابقہ ورلڈ چمپئن چین کی ایہان وانگ کو شکست سے دو چار کردیا تھا ۔ سائنہ نیہوال کی یہ دوسری آسٹریلین اوپن کامیابی ہے ۔ انہوں نے یہ خطاب 2014 میں بھی جیتا تھا ۔ ہندوستانی اسٹار کیلئے گذشتہ کچھ وقت سے خطاب ملنے مشکل ہو رہے تھے اور وہ جدوجہد سے دو چار تھیں تاہم اولمپکس سے قبل سائنہ صحیح وقت پر فارم میں آگئیں اور ان کی خطابی جدوجہد بھی منطقی انجام کو پہونچی ۔

سائنہ نے چین کی سون یو کو اب تک پانچ مرتبہ شکست دی ہے تاہم انہیں ان کے خلاف سخت جدوجہد کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے ۔ چینی کھلاڑی نے پہلا گیم صرف 18 منٹ میں جیت لیا تھا ۔ تاہم سائنہ نے اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے مظاہرہ کیا اور انہوں نے اچھی مزاحمت کرتے ہوئے میچ میں واپسی کی ۔ سون نے ابتداء میں جو کھیل کی رفتار تیز کی تھی وہ بعد میں سائنا کی مزاحمت اور واپسی کی وجہ سے قدرے کم ضرور ہوگئی تھی لیکن کھیل کی شدت اور جارحیت میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ دونوں ہی کھلاڑی ایک دوسرے پر سبقت لیجانے اور بالادستی قائم کرنے جدوجہد کرتی رہیں۔ دوسرا گیم سائنہ نے جیتا تھا اور تیسرے و فیصلہ کن گیم میں دونوں ہی کھلاڑیوں نے سخت ترین جدوجہد کی اور ایک ایک پوائنٹ کیلئے مزاحمت ہوتی رہی ۔ تاہم سائنہ نے صبرآزما جدوجہد کے بعد یہ مقابلہ 21 – 19 سے جیت کر خطاب اپنے نام کرلیا ۔ سائنہ نیہوال پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے گذشتہ سال 2 اپریل کو عالمی نمبر ایک مقام حاصل کیا تھا ۔ یہ مقام انہیں انڈیا اوپن میں کامیابی کی وجہ سے حاصل ہوا تھا ۔ انہوں نے ورلڈ چمپئن شپ منعقدہ انڈونیشیا جکارتہ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا ۔ سائنہ چائنا اوپن سوپر سیریز پریمئیر کے فائنلس تک پہونچی تھیں۔ وہ انڈیا اوپن ‘ ملیشیا اوپن ‘ بیڈمینٹن ایشیا چمپئن شپ میں سیمی فائنل تک پہونچی تھیں جبکہ ایشیا چمپئن شپ میں انہیں برانز میڈل حاصل ہوا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT