Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / بی ایس ایف کا طیارہ حادثہ میں تباہ، تمام 10 مسافر ہلاک

بی ایس ایف کا طیارہ حادثہ میں تباہ، تمام 10 مسافر ہلاک

پرواز کے فوری بعد تکنیکی خرابی پر دوبارہ لینڈنگ کے دوران سوپر کنگ، دیوار سے ٹکرانے کے بعد شعلہ پوش

نئی دہلی 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف کا ایک چھوٹا طیارہ آج دوارکا کے قریب گر کر تباہ ہونے کے بعد شعلہ پوش ہوگیا اور اس میں سوار تمام 10 افراد جو ٹکنیکل اسٹاف سے وابستہ تھے، ہلاک ہوگئے۔ آئی جی آئی ایرپورٹ سے پرواز کے فوری بعد یہ حادثہ پیش آیا۔ ہوا بازی کے ذرائع نے کہاکہ صبح 9 بجکر 50 منٹ پر یہ حادثہ پیش آیا جب دو انجن پر مشتمل سوپر کنگ طیارہ ایک ریلوے ٹریک کے قریب طیرانگاہ کی حصار سے ٹکرانے کے بعد گندہ پانی کی صفائی کے ایک پلانٹ میں اتر گیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ بی ایس ایف کا یہ طیارہ رانجی روانگی کے لئے پرواز کے پانچ منٹ بعد ہی تکنیکی خرابی محسوس کرتے ہوئے ایرپورٹ پر دوبارہ لینڈنگ کے لئے واپس ہورہا تھا۔ ذرائع نے کہاکہ صبح 9 بجکر 50 منٹ پر اس طیارہ کا ایر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ ٹوٹ چکا تھا۔ مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مہیش شرما نے کہاکہ ’’بدبختی کی بات ہے کہ بشمول پائلیٹ تمام 10 افراد اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے‘‘۔ انھوں نے مزید کہاکہ ’’حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں جن کی تکمیل کے بعد ہی قطعی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے کہ آیا اس کی وجوہات کیا تھیں یا پھر کسی خامی کا نتیجہ ہے‘‘۔ بی ایس ایف ذرائع نے کہاکہ یہ ٹیکنیشن ایک ہیلی کاپٹر درست کرنے کیلئے رانجی روانہ ہورہے تھے۔ بی ایس ایف ذرائع کے مطابق اس حادثہ کے پیش نظر ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مابین ڈی جی سطح کی بات چیت منسوخ کردی گئی۔ پولیس نے کہا ہے کہ تمام 10 نعشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہاکہ ’’بی ایس ایف طیارہ کے حادثہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر مجھے سخت تکلیف پہونچی ہے۔ مہلوکین کے غمزدہ خاندانوں کو میں تعزیت پیش کرتا ہوں‘‘۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ طیارہ ایرپورٹ کے تکنیکی علاقہ کے باہر دیوار سے ٹکرا گیا۔ بعدازاں گندہ پانی صاف کرنے کے ایک پلانٹ کے قریب گر کر شعلہ پوش ہوگیا۔ ایک شخص نے کہاکہ یہ طیارہ ایرپورٹ کی حصار سے ٹکرایا جہاں کچھ کام جاری تھا۔ وہاں ایک نعش دیکھی گئی اور تعمیری کام میں مصروف ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ طیارہ میں بھڑک اُٹھنے والی مہیب آگ کے سبب سارے علاقہ پر دھویں کے سیاہ بادل دیکھے گئے اور تباہ شدہ طیارے کے ٹکڑے دور دور تک بکھر گئے۔ دہلی فائر سرویس کے سربراہ اے کے شرما نے کہاکہ آگ بجھانے کے لئے 15 فائر انجنس وہاں پہونچ گئے۔ مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کو تفصیلات سے باخبر کیا۔

TOPPOPULARRECENT