Thursday , August 17 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی، ہندوؤں کی بدترین دشمن جماعت: شیوسینا

بی جے پی، ہندوؤں کی بدترین دشمن جماعت: شیوسینا

ممبئی 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم کرنے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا ہے کہ حکمراں جماعت نے ان لوگوں سے ہاتھ ملایا ہے جوکہ وادی سے ہندو پنڈتوں کو بیدخل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ پارٹی ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی حیرت ناک بات ہے کہ جو لوگ (بی جے پی) کل تک ہندو پنڈتوں کے مسئلہ پر سیاست کررہے تھے، آج وہ اُن عناصر کے ساتھ اقتدار میں ساجھیدار بن گئے جوکہ وادی کشمیر سے ہندو پنڈتوں کو مار بھگانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ جموں و کشمیر میں آج بھی ہندوؤں کا کوئی مقام نہیں ہے اور صورتحال کی تبدیلی کیلئے کوئی کوشش بھی نہیں کی جارہی ہے اور جو ہندو اقتدار میں ہیں وہ اپنی برادری (کمیونٹی) کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے اس ریمارک پر کہ پٹھان کورٹ کے فضائی اڈہ پر حملہ کا انتقام لیا جائے گا، شیوسینا نے کہاکہ وہ دن کبھی نہیں آئے گا اور کوئی بھی ہندوؤں کے حق میں آواز بلند نہیں کرے گا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ آئی ایس آئی ایس اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر قتل و خون کررہی ہیں اور ہندوستان میں مقیم ہندوؤں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن ہندوستان میں ایک بھی بہادر شخص نہیں ہے جوکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کمربستہ ہونے کی جرأت کرسکتا ہو۔

TOPPOPULARRECENT