Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / بی جے پی ، پسماندہ طبقات کی دشمن ، پٹیل برادری کو تحفظات کی حمایت

بی جے پی ، پسماندہ طبقات کی دشمن ، پٹیل برادری کو تحفظات کی حمایت

گجرات میں سماجی انصاف کیلئے جاری جدوجہد میں آر جے ڈی بھی شامل ، لالو پرساد یادو کا بیان
پٹنہ۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں پٹیل طبقہ کی جانب سے کئے جارہے احتجاج اور کوٹہ کے مطالبہ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ او بی سی کا موقف دینے اور تحفظات کی فراہمی کے لئے پٹیل طبقہ کا مطالبہ حق بجانب ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ پسماندہ طبقات اور سماجی انصاف کی دشمن ہے۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ ہم پٹیل اور پٹہ دار ذاتوں کی جانب سے گجرات میں کئے جارہے تحفظات کے مطالبہ کی پرزور حمایت کرتے ہیں کیونکہ گجرات کی سرزمین ہی سماجی انصاف کی بھومی ہے۔ آر جے ڈی اس مقصد کی علمبردار ہے اور وہ اس کے لئے لڑنے والوں کی بھی حمایت کرتی ہے۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت گجرات حکومت ان مطالبات کو صرف برائے نام متصور کرکے نظرانداز کررہی ہے۔

ریاست میں پسماندہ طبقات کے افراد حکومت کی لاپرواہی کا شکار ہیں جبکہ ان کے مسائل کی یکسوئی پر دھیان نہ دے کر انہیں مزید کمزور بنایا جارہا ہے۔ اس بات کا واضح پتہ چل چکا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی پسماندہ طبقات اور سماجی انصاف کی دشمن ہے۔ یہ حکومت ہمیشہ غریبوں اور پچھڑے طبقات کے لئے تحفظات کی مخالفت کرتے آرہی ہے، تاہم آر جے ڈی لیڈر نے مزید کہا کہ وہ گجرات میں آتشزنی اور تشدد کی مخآلفت کرتے ہیں۔ کوئی بھی تشدد کی ستائش نہیں کرے گا۔ احتجاج پرامن ہونا چاہئے۔ گجرات کے عوام اپنے حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں۔ لالو پرساد یادو اس وقت بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار کی جانب سے بنائے گئے عظیم سیکولر اتحاد کا حصہ ہیں جس میں جنتا دل یو اور کانگریس بھی شامل ہے۔ بی جے پی زیرقیادت قومی متحدہ محاذ اتحاد کے خلاف رائے زنی کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا کہ آنے والے بہار اسمبلی انتخابات میں ان کے اتحاد کو کامیابی ملے گی۔

آر جے ڈی جو گزشتہ تین دہوں سے سرگرم سیاست میں حصہ لے رہی ہے، پسماندہ ذاتوں کے لئے تحفظات کا مطالبہ کررہی ہے اور اس کاز کیلئے لڑ رہی ہے۔ ملک میں مذہبی خطوط پر جاری کردہ 2011 کی مردم شماری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے ہٹ کر کسی نے بھی ذات پات کی مردم شماری کا اعلان نہیں کیا لیکن ہندوؤں اور مسلمانوں کی تعداد کے بارے میں مکمل ڈاٹا جاری کیا گیا ہے۔ آر جے ڈی سربراہ نے مزید کہا کہ وہ ریاست بہار کے مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں تاکہ عوام میں بیداری پیدا کریں اور بی جے پی کی جانب سے لاحق خطرات سے آگاہ کرسکیں۔ بی جے پی کی وجہ سے ملک کے سیکولر تانے بانے کو خطرہ ہے اور عوام کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT