Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی اور آر ایس ایس کے منصوبوں سے عوام کو واقف کرانے کا عزم

بی جے پی اور آر ایس ایس کے منصوبوں سے عوام کو واقف کرانے کا عزم

سی پی آئی کی قومی عاملہ کا اجلاس ، پریس کانفرنس سے سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔8مارچ(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی قومی عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے دوران منظور شدہ قراردادوں کی تفصیلات سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے سی پی آئی قومی جنرل سکریٹری سرورام سدھاکر ریڈی نے کہاکہ قومی سطح پر بڑھتی عدم رواداری کے خلاف بائیںبازو جماعتیں ملک بھرمیںتحریک چلاتے ہوئے فاشسٹ ذہن حکمرانوں کے اصلی چہر ے کو عوام کے روبرو پیش کریں گے ۔ آج یہاں سی پی آئی پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہاکہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے بی جے پی اور آر ایس ایس قوم پرست اورملک سے غداری کے بے بنیا دالزامات لگا کرعوام کے ذہنوں کومنتشر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ ان دنوں بھگوا قائدین کا نشانہ قومی یونیورسٹیز ہیں جہاںپر یہ لوگ اپنی گندی ذہنیت کو عام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سدھاکر ریڈی نے مزید کہاکہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں روہت ویمولہ کی خودکشی کے بعد جواہرلال نہرو یونیورسٹی میںجے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار اور ان کے ساتھیوںکو نشانہ بنانے کے بعد الہٰ آباد نیشنل یونیورسٹی میںلفٹ وینگ کے طلبہ کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ علیگڑہ مسلم یونیورسٹی بھی بھگواقائدین کے نشانے پرہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ آرایس ایس اپنی سوچ اور فکر کو ہندوستانی عوام کے ذہنوں پرمسلط کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔سدھاکر ریڈی نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ناپاک عزائم کوبائیں بازو جماعتیں کبھی کامیاب نہیںہونے دیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ فرقہ پرست جماعتوں اور تنظیم کے خلاف ملک بھر میں عوامی شعور بیداری مہم چلائی جائے گی اور عوام کو بی جے پی اور آرایس ایس کے ناپاک منصوبوںسے واقف کروانے کاکام کیا جائے گا۔سدھاکر ریڈی نے بتایا کہ پانچ ریاستوں کیرالا ‘ ٹاملناڈو‘ پانڈیچری‘ ویسٹ بنگال اور آسام میںمنعقد ہونے والے عام انتخابات میں ریاستوں کی ضرورتوں کی مناسبت سے بائیں بازو جماعتوں میںاتحاد ہوگا اور ایک متحدہ پلیٹ فارم سے مقابلہ کرتے ہوئے ان ریاستوں میں فرقہ پرست طاقتوں کو ناکام بنایا جائے گا۔سدھاکر ریڈی نے کہاکہ انتخابات سے اہم بی جے پی او رآر ایس ایس کی نفرت کی سیاست اور ملک کوبھگوا رنگ میںرنگنے کی کوششوں پرلگام کسنا ہے اور اس کے لئے بائیںبازو جماعتیں متحد ہیں۔ انہوں نے کنہیاکمار کی بے گناہی ثابت ہونے کے باوجود اس پر مقدمہ چلانے کو بھی مودی حکومت کی سازش کا حصہ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ دہلی پولیس نے دہلی ہائی کورٹ میں داخل کردہ اپنے حلف نامے میںاس بات کو صاف کردیا ہے کہ مخالف نعرے بازی کے متعلق ان کے پاس کنہیاکمار کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیںہے ۔ سی پی آئی قومی عاملہ کے اراکین شمیم فیضی‘ اتل کمار انجان‘ سرمرن جیت کور‘ ڈاکٹرنارائنہ او رچاڈا وینکٹ ریڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT