Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی اور مجلس ایک ہی سکے کے دورخ

بی جے پی اور مجلس ایک ہی سکے کے دورخ

چنچل گوڑہ میں کانگریس کی گروپ میٹنگ ، وی ہنمنت راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی اور مجلس کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیا اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں دونوں جماعتوں کو شکست دیتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ کانگریس کے قائد سید امین محمد کی جانب سے چنچل گوڑہ میں ایک گروپ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نائب صدر مسٹر محمد معراج خاں ترجمان مسٹر سید فاروق پاشاہ قادری سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی کشن کے علاوہ مسٹر اعجاز خان اور دوسرے موجود تھے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہی ملک کی سیکولر جماعت ہے ۔  انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی کو پروان چڑھانے میں بی جے پی اور مجلس دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں ۔ بی جے پی اپنے آپ کو ہندوؤں کی اور مجلس مسلمانوں کی چمپئن تصور کرتے ہوئے اپنے اپنے سیاسی مفادات کے لیے ہندوؤں اور مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کررہی ہیں ۔ عدم روا داری کو فروغ دے رہے ہیں ۔ مذہب ، ذات پات کے نام پر عوام کو تقسیم کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی جتنی ہندو فرقہ پرستی کی بھی مخالفت کرتی ہے اتنی ہی مسلم فرقہ پرستی کی مخالفت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ماضی میں پرانے شہر میں مجلس سے مفاہمت کی تھی جس سے پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کو بہت بڑا نقصان پہونچا ہے ۔ مستقبل میں کانگریس پارٹی مجلس سے کوئی مفاہمت نہیں کرے گی ۔ تنہا مقابلہ کرے گی ۔ پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرے گی اور مقامی قائدین کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی ۔ مجلس اور بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر دوسری جماعتوں سے اتحاد و مفاہمت کرنے کے بارے میں بھی غور کرے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ پرانے شہر میں کانگریس کو طاقتور بنانے کے لیے کانگریس پارٹی خصوصی منصوبہ بندی تیار کررہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کانگریس پارٹی آگے بڑھے گی ۔ کانگریس پارٹی فرقہ پرست بی جے پی اور مجلس سے مساوی دوری اختیار کرے گی اور حکمران ٹی آر ایس سے مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے اور کیڈر میں بھی کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ کانگریس پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کرے گی ۔ اس گروپ میٹنگ میں مجلس بچاؤ تحریک کے سابق کارپوریٹر مسٹر امجد اللہ خاں خالد نے بھی شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT