Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / بی جے پی اور مقامی جماعت کی کارستانی‘وقف جائیداد پر قبضہ کی کوشش ناکام

بی جے پی اور مقامی جماعت کی کارستانی‘وقف جائیداد پر قبضہ کی کوشش ناکام

عوام کی شکایت پر صدر نشین وقف بورڈ کی فوری کارروائی ‘ مقدمہ درج ‘ چار افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 17۔ جولائی (سیاست نیوز) درگاہ حضرت میر محمودؒ راجندر نگر کی اوقافی اراضی پر ناجائز قبضے کی کوششوں کو صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی فوری چوکسی کے باعث ناکام بنادیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی جماعت سے تعلق رکھنے والے بعض قائدین کی سرپرستی میں غیر مجاز قابضین نے آج تعطیل کی آڑ میں درگاہ سے متصل اوقافی اراضی پر قبضہ کی کوششوں کا آغاز کیا تھا، بڑی تعداد میں لیبر کو اراضی مسطح کرنے کیلئے مامور کیا گیا اور پلاٹنگ کے انداز میں اراضی قبضہ میں لینے کی کوشش کی گئی ۔ درگاہ میر محمود کے تحت وقف ریکارڈ کے مطابق 480 ایکر اراضی ہے اور درگاہ سے متصل اراضی پر قبضہ کی پہلی مرتبہ کوشش کی۔ مقامی افراد کی جانب سے صدرنشین وقف بورڈ کو قابضین کی سرگرمیوں سے واقف کرایا گیا۔ صدرنشین محمد سلیم نے فوری کمشنر پولیس رچاکنڈہ سندیپ شنڈلیہ سے ربط قائم کیا اور انہیں ناجائز قبضوں کی روک تھام کیلئے پولیس کو روانہ کرنے کی خواہش کی۔ کمشنر پولیس نے فوری راجندر نگر پولیس کو ہدایت دی کہ وہ غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی کریں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کام کی نگرانی کرنے والے 4 افراد سمیت 10 ورکرس کو تحویل میں لے لیا اور غیر مجاز قبضہ کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا۔ اس طرح درگاہ سے متصل قیمتی اراضی کا بروقت تحفظ ہوسکا۔ بونال کی تعطیل کے باوجود صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو طلب کیا جن میں تحصیلدار ، سرویئر ، ٹاسک فورس ٹیم اور دیگر عملہ شامل ہے۔ ان تمام کو راجندر روانہ کیا گیا جہاں انہوں نے اوقافی اراضی کی پولیس کو نشاندہی کی۔ مقامی افراد نے تعطیل کے باوجود صدرنشین وقف بورڈ کی مساعی کا خیرمقدم کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مستقل طور پر وقف اراضی کی نگرانی ن ہیں کی گئی تو غیر مجاز قابضین دوبارہ متحرک ہوسکتے ہیں۔ درگاہ حضرت میر محمود کی اوقافی اراضی پر پہلے ہی کئی قبضے ہوچکے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں کہیں بھی اوقافی اراضی پر قبضے ہوں ، بورڈ کے علم میں لائیں تاکہ فوری کارروائی کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کا تحفظ کیا جائیگا اور غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ انہوں نے کمشنر پولیس سندیپ شنڈلیہ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے بونال انتظامات کے باوجود پولیس راجندر نگر کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT