Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی حقیر سیاسی فائدہ کے لیے نچلی سطح پر گر چکی ہے

بی جے پی حقیر سیاسی فائدہ کے لیے نچلی سطح پر گر چکی ہے

تلنگانہ کو کمتر ظاہر کرنے کی کوشش کرنے کے خلاف انتباہ ، ہریش راؤ ، جگدیش ریڈی کا سخت ردعمل
حیدرآباد۔/25مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء ہریش راؤ اور جگدیش ریڈی نے بی جے پی قومی صدر امیت شاہ کی جانب سے تلنگانہ کے خلاف بیان بازی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ رکن پارلیمنٹ بی سمن اور ارکان مقننہ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والی ریاست تلنگانہ کو کمتر ظاہر کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صدر اور قائدین کو تلنگانہ عوام سے غیر مشروط معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ حقیقت کیا ہے۔ بی جے پی حقیر سیاسی فائدہ کیلئے نچلی سطح پر گرچکی ہے اور تلنگانہ حکومت کو نشانہ بنارہی ہے۔ اس طرح کی بیان بازی سے تلنگانہ میں بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔ ہریش راؤ اور جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ ریاست کو جاری کردہ فنڈز کے مسئلہ پر جو چیلنج کیا ہے اس کا بی جے پی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ بی جے پی قائدین اس موقف میں نہیں کہ چیف منسٹر کے بیان کی تردید کرسکیں۔ انہوں نے اپنی خاموشی کے ذریعہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بیان کو قبول کرلیا ہے۔ چیف منسٹر نے مرکز سے حاصل ہونے والے فنڈز کی تفصیلات عوام میں جاری کردی ہیں اور بی جے پی قائدین اس کی تردید کے موقف میں نہیں ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اگر بی جے پی قائدین معذرت خواہی کرلیں تو ان کا وقار کسی قدر بلند ہوگا۔ مرکزی حکومت دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ کو فنڈز جاری کررہی ہے اور اس میں کوئی رعایت یا احسان کا معاملہ نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ملک بھر میں تلنگانہ کو موسٹ ہیپننگ اسٹیٹ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا جیسی اسکیمات کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ حکومت نے تین برسوں میں برقی بحران پر قابو پاتے ہوئے دیہی علاقوں میں بھی 24 گھنٹے برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا ہے۔ زرعی شعبہ کیلئے 9 گھنٹے برقی سربراہ کرتے ہوئے فصلوں کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال بھی قابو میں ہے اور دیگر ریاستوں سے بہتر ہے۔ تلنگانہ حکومت دیہی علاقوں میں معیشت کے استحکام کیلئے کوشاں ہے اور اس نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جمہوریت میں غلطی کا اعتراف کرنے سے عزت اور وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے تلنگانہ ریاست کی ترقی کو جس منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے اس پر چیف منسٹر کی برہمی فطری ہے۔ امیت شاہ نے شمالی ہند کے علاقوں میں جس طرح سے تقاریر کیں وہی انداز تلنگانہ میں نہیں چلے گا۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کو زیر التواء فنڈز فوری جاری کرے اور بی جے پی قائدین کو اس سلسلہ میں مرکز پر دباؤ بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی تقسیم کا عمل ابھی تک مکمل نہیں ہوا لیکن امیت شاہ تلنگانہ کے بارے میں مرکز کے مختلف اعلانات کا دعویٰ کررہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کیلئے قومی پراجکٹ کی منظوری کی مانگ کی۔ ہریش راؤ نے بی جے پی قائدین کو متنبہ کیا کہ جدوجہد کی سرزمین تلنگانہ پر من مانی اور بے لگام باتیں ہرگز نہیں چلیں گی۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ ہائی کورٹ کی تقسیم کو مکمل کرتے ہوئے تلنگانہ سے اپنی محبت کا اظہار کریں۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ چیف منسٹر کے چیلنج کا جواب دیئے بغیر ہی تلنگانہ سے واپس ہوگئے۔ اگر چیف منسٹر کے سوالات کا بی جے پی قائدین جواب دیں تو انہیں خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین نے اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ مرکز سے ایک لاکھ کروڑ روپئے جاری نہیں کئے گئے۔ مختلف ٹیکسیس کے طور پر تلنگانہ ریاست مرکز کو 50 ہزار کروڑ روپئے فراہم کررہی ہے جبکہ مرکز سے تلنگانہ کو صرف 24ہزار کروڑ روپئے ہی جاری کئے گئے۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ پسماندہ طبقات اور دلتوں کی بھلائی کیلئے تلنگانہ حکومت نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے دیگر ریاستیں اس کی تفصیلات حاصل کررہی ہیں تاکہ وہاں ان کا آغاز کیا جاسکے۔ دلتوں سے بی جے پی کی ہمدردی کو محض دکھاوا قراردیتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ بی جے پی صدر نے دلت کے گھر میں کھانا کھانے کا ڈرامہ کیا لیکن وہ بے نقاب ہوگئے کیونکہ پکوان دلت کے گھر کا نہیں تھا۔ اس موقع پر گورنمنٹ وہپ ڈی وینکٹیشورلو، رکن اسمبلی پربھاکر اور رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر موجود تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT