Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / بی جے پی حکومت کے خلاف کانگریس کا احتجاجی دھرنا

بی جے پی حکومت کے خلاف کانگریس کا احتجاجی دھرنا

سونیا اور راہول کو مقدمہ میں پھانسنے کا الزام، وزیراعظم مودی کے پتلے نذرآتش
حیدرآباد ۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر آج کانگریس کے قائدین تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں پر احتجاجی دھرنا منظرم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے نذرآتش کئے اور  صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سے اظہاریگانگت کیا۔ حیدرآباد میں اتم کمار ریڈی، نظام آباد میں محمد علی شبیر، ضلع نلگنڈہ میں کے جاناریڈی ضلع رنگاریڈی میں پنالہ لکشمیا کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ حیدرآباد میں یوتھ کانگریس اور مہیلا کانگریس کمیٹی کی جانب سے علحدہ علحدہ احتجاج کیا گیا۔ پرانے شہر کے کانگریس قائدین نے تاریخی چارمینار پر بھی احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں ایک منظم سازش کے تحت صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے سیاسی انتقام لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے سارے تلنگانہ میں احتجاجی دھرنے منظم کرنے کی پارٹی کیڈر کو ہدایت دی تھی۔ نیکلس روڈ پر منعقدہ احتجاجی دھرنے میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی، صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر، سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر انجن کمار یادو، صدر گریٹرحیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کانگریس کی رکن اسمبلی ڈاکٹر جے گیتاریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ رنگاریڈی کلکٹریٹ پر منظم کردہ احتجاجی دھرنے میں سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سابق رکن اسمبلی مسٹر ڈی سدھیر ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ نظام آباد کے احتجاج میں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل ضلع رنگاریڈی کے احتجاج میں قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جاناریڈی نے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ نامپلی نمائش میدان کے چوراستے پر مہیلا کانگریس نے احتجاج کرتے ہوئے مودی کا پتلا نذرآتش کیا۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے گاندھی بھون کے احاطے میں ایک اجلاس طلب کیا گیا جس کی صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس مسٹر انیل کمار یادو نے صدارت کی۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کا صفایہ کرنے کے درپے مرکزی بی جے پی اور تلنگانہ ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام لینے کیلئے بی جے پی کے قائد سبرامنیم سوامی کو مہرہ بناتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تاہم انہیں اور کانگریس پارٹی کو عدلیہ پر مکمل بھروسہ ہے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ کانگریس کے 10 سالہ دورحکومت میں انٹرنیشنل ایرپورٹ، آوٹر رنگ روڈ، ایکسپریس ہائی وے کے علاوہ بڑے پیمانے پر سڑکوں کی تعمیر، دریائے کرشنا اور گوداوری سے پینے کے پانی کی حیدرآباد کو سربراہی، میٹرو ٹرین وغیرہ جیسے اقدامات کئے گئے۔ ٹی آر ایس نے صرف سستی شہرت کے سوائے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس کارکنوں کو بلدی انتخابات کیلئے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT