Friday , July 21 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی رام مندر کا وعدہ بھی عنقریب پورا کریگی

بی جے پی رام مندر کا وعدہ بھی عنقریب پورا کریگی

ادتیہ ناتھ حکومت نے صرف ڈھائی ماہ میں اترپردیش کو بہتری پر ڈال دیا، ریاستی وزیر سوریہ پرتاپ کا دعویٰ
بلیا (یو پی) ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی حکومت ایودھیا میں زبردست رام مندر کی تعمیر کرنے اترپردیش کے عوام سے اپنے وعدے کی تکمیل دستور کے حدود میں رہتے ہوئے کرے گی، ریاستی وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی نے یہ بات کہی ہے۔ وہ نریندر مودی حکومت کے تین سال کے موقع پر ایک تقریب کیلئے کل شام یہاں موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ یوگی ادتیہ ناتھ حکومت نے ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم کردی ہے اور فصل قرضوں کی معافی کے ذریعے کلیدی انتخابی وعدہ کی تکمیل بھی کردی۔ رام مندر کے مسئلہ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر قانون کے مطابق اور ’’دستوری وسائل کے ذریعہ‘‘ کی جائے گی۔ اس مسئلہ پر عوام سے بی جے پی نے جو کچھ بھی وعدہ کیا، حکومت اس پر قائم ہے۔ سوریہ پرتاپ نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ایودھیا تنازعہ کی یکسوئی دستوری طریقے سے کی جائے گی۔ رام مندر کروڑہا ہم وطنوں کے اعتقاد اور مذہبی عقیدہ کا معاملہ ہے۔ بی جے پی تمام انتخابی وعدوں کو پورا کرے گی جن کا اس کے لوک کلیان سنکلپ پتر میں ذکر ہے۔ اترپردیش کے کابینی وزیر نے یہ بھی کہا کہ یوگی ادتیہ ناتھ حکومت نے بمشکل ڈھائی ماہ کا اقتدار مکمل کیا ہے۔ ’’ہم گزشتہ لگ بھگ 20 سال سے حکومت میں نہیں تھے۔‘‘ وزیر زراعت نے کہا کہ بی جے پی کو وراثت میں سابقہ اکھلیش یادو حکومت سے نراج ملا۔ لیکن اب حالات مختلف ہیں۔ یوگی حکومت میں قانون کی حکمرانی قائم ہوگئی ہے۔ عوام نے حکومت پر اپنے بھروسے کا اظہار کیا ہے۔ ریاست میں دست درازی اور لوٹ مار کے واقعات پر قابو پایا جارہا ہے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو پھر سے معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ریاستی حکومت کی سعی ہے کہ یو پی کو ایسی ریاست بنایا جائے جو خوف (بھائی مکت) اور غنڈوں (غنڈہ مکت) سے پاک ہو۔ انھوں نے کسانوں کے فصل قرض معافی کو عدیم النظیر اقدام قرار دیا۔ ادتیہ ناتھ حکومت نے اپنے اس کلیدی انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے پہلی کابینی میٹنگ میں ہی 36,959 کروڑ روپئے مالیت کے کسانوں کے فصل قرض معاف کردیئے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT