Thursday , August 24 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی صرف مسائل پیدا کر رہی ہے: غلام نبی آزاد

بی جے پی صرف مسائل پیدا کر رہی ہے: غلام نبی آزاد

گوہاٹی ۔ 27 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ بی جے پی ملک میں صرف مسائل اور مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ ملک بھر میں مسائل کا انبار لگانے کیلئے بی جے پی ذمہ دار ہے۔ آسام میں 2016 ء کے انتخابات کے بعد اپنی پارٹی کے دوبارہ اقتدار پر آنے کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کانگریس کی حکومت میں خوش ہیں اور اس کی حکمرانی کے اندر پرامن طور پر رہ رہے ہیں۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا کام صرف مشکلات پیدا کرنا ہے۔ اس نے اپنی انتخابی مہم کا جس مقصد سے آغاز کیا تھا ، وہ پورا نہیں ہوسکا۔ شمال مشرقی علاقوں میں بی جے پی کو لوگ ہرگز قبول نہیں کر رہے ہیں۔ بی جے پی نے 99 فیصد وعدے کئے تھے لیکن ایک فیصد ہی کام ہوا ہے۔ راجیو گاندھی نے آسام معاہدہ پر جو دستخط کئے تھے ، اسی کا نتیجہ ہے کہ آج عوام پرامن طور پر زندگی گزار رہے ہیں۔ یو پی اے مرحلہ اول اور دوم میں آسام کیلئے بہت کام کیا ہے ۔ عام آدمی کی یہی خواہش ہے کہ کانگریس دوبارہ اقتدار پر آجائے۔ ملک کو ترقی دلانے میں کانگریس کے وزرائے اعظم کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے ہی ہندوستان کی ترقی کی بنیاد رکھی تھی ۔ اعلیٰ تعلیم ، صنعتوں ، خلائی تحقیق اور دیگر سائنسی امور میں ترقی کیلئے انہوں نے اقدامات کئے تھے۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے بھی اپنی خدمات کے ذریعہ ملک کو ترقی دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT