Thursday , August 24 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی’’ مودی آکسیجن ‘‘ پر زندہ : شیوسینا مقبولیت اور اقتدار کے اختتام پر بی جے پی کے بھی اختتام کا اندیشہ

بی جے پی’’ مودی آکسیجن ‘‘ پر زندہ : شیوسینا مقبولیت اور اقتدار کے اختتام پر بی جے پی کے بھی اختتام کا اندیشہ

ممبئی۔25اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی برسراقتدار حلیف پارٹی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنانا جاری رکھتے ہوئے شیو سینا نے آج کہا کہ بی جے پی کو ’’ مودی آکسیجن‘‘ حاصل ہوگئی ہے جو برسراقتدار ہیں اور بی جے پی کی زندگی صرف اُس وقت تک باقی رہے گی جب تک کہ مودی کی عوامی مقبولیت برقرار رہے ۔ شیوسینا کے صدر اودھو ٹھاکرے نے سخت لہجہ پر مبنی پیغام اپنی حلیف بی جے پی کو دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کامیاب دسہرہ جلسہ نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل سینا کا ہے اور سینا آئندہ انتخابی جنگیں ضروری ہو تو لڑنے کیلئے تیار ہے ۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان ’’ سامنا ‘‘ میں کہا کہ بی جے پی کو مودی آکسیجن اقتدار کی شکل میں حاصل ہوچکی ہے اور یہ آکسیجن اُس وقت تک برقرار رہے گی جب تک کہ مقبولیت کی سبسیڈی ختم نہ ہوجائے ۔ سینا اپنے افکار و خیالات پر ثابت قدم ہے ‘جدوجہد کرتی ہے اور محب وطن ہے ۔ پارٹی نے اپنا موقف ہندوتوا ‘ حب الوطنی ‘ مہاراشٹرا کی  شناخت ‘ عام آدمی کی زندگی کے روزمرہ مسائل کے بارے میں کبھی تبدیل نہیں کیا ۔

 

ہمارے اصول کسی قیمت پر تبدیل نہیں ہوں گے ۔شیوسینا نے ملک کے دشمنوں کے خلاف جنگ شروع کررکھی ہے ۔ پارٹی کو کسی سے بھی کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے ۔ عوامی تائید اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شیوسینا کا پرچم آئندہ بھی مہاراشٹرا پر لہراتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل صرف سینا کا ہے اور پارٹی کا دسہرہ جلسہ عام ہر ایک کو یہی پیغام دیتا ہے ۔ ہم اس کیلئے لڑتے رہیں گے جو بھی ہمارے ساتھ شامل ہونے پر تیار ہوں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تنہا ہی بھرپور اعتماد کے ساتھ جنگ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ یہ اعتماد ہم میں سینا کے سربراہ نے پیدا کیا ہے ۔ کسی کو بھی ہمت نہیں ہوسکتی کہ ہمارا راستہ روک سکے ۔ بھگوا پارٹی نے این سی پی کے صدر شرد پوار پر بھی بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی اپنے آبائی قصبہ بارہ متی میں گذشتہ ہفتہ میزبانی سے یہی بات ظاہر ہوتا ہے کہ شردپوار بی جے پی سے قربت اختیار کررہے ہیں ۔ دہلی میں شرد پوار کیلئے اب کوئی کام باقی نہیں رہا ہے اس لئے پوار نے ایک نیا کاروبار شروع کررکھا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT