Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / بی جے پی میں سابق ایم پی صابر علی کی دوبارہ شمولیت

بی جے پی میں سابق ایم پی صابر علی کی دوبارہ شمولیت

پٹنہ ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : بہار میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اقلیوں کو رجھانے کے لیے بی جے پی نے آج سابق راجیہ سبھا رکن صابر علی کو دوبارہ پارٹی میں شامل کرلیا ۔ بہار بی جے پی کے انچارج مسٹر بھوپیندر یادو نے بتایا کہ ضلع مشرقی چمپارن کے متوطن صابر علی کا پارٹی میں خیر مقدم کیا جاتا ہے جنہوں نے اقلیتی فرقہ کے ساتھ امتیازات کے خلاف انتھک جدوجہد کی ہے اور اب بی جے پی میں شامل ہو کر اس مقصد کو مزید تقویت پہنچانا چاہتے ہیں ۔ مسٹر یادو نے بتایا کہ بی جے پی کی یہ پالیسی ہے کہ بغیر کسی امتیاز کے تمام طبقات کی ترقی اور سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے ۔ جس کے باعث لوگ بی جے پی کی طرف راغب ہورہے ہیں ۔ صابر علی 2014 تک جنتادل متحدہ کے ایم پی تھے لیکن اس وقت کے وزارت عظمیٰ کیلئے بی جے پی امیدوار مودی کی ستائش کرنے پر انہیں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا ۔ اگر چیکہ انہوں نے 28 مارچ کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن پارٹی میں بعض گوشوں بالخصوص نائب صدر مختار نقوی کے اعتراض پر دوسرے ہی دن انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ۔ نقوی کا الزام تھا کہ صابر علی کے عسکریت پسند تنظیم انڈین مجاہدین کے معاون بانی یسین بھٹکل کے ساتھ تعلقات ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT