Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / بی جے پی کو بیف کے برآمد کنندہ سے 200 کروڑ روپئے کا عطیہ: اعظم خاں

بی جے پی کو بیف کے برآمد کنندہ سے 200 کروڑ روپئے کا عطیہ: اعظم خاں

اُناؤ (یو پی) /18 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے وزیر اعظم خان نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے 200 کروڑ روپئے کا عطیہ بڑے گوشت کے برآمد کنندہ سے حاصل کیا ہے، لیکن بی جے پی نے اس کی تردید کردی۔ اتر پردیش کے ریاستی وزیر اعظم خان نے کہا کہ بی جے پی بڑے گوشت پر سیاست کر رہی ہے، یہ بھی ایک دلچسپ اتفاق ہے کہ اس نے بڑا گوشت برآمد کرنے والے ایک شخص سے 200 کروڑ روپئے کا عطیہ حاصل کیا ہے۔ پارٹی کو انکشاف کرنا چاہئے کہ اس نے کتنی رقم کالے دھن کے طورپر حاصل کی ہے۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اعظم خان پر جوابی وار کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے آج دعویٰ کیا کہ وہ بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ انھیں پہلے اس رقم کا حساب پیش کرنا چاہئے جو (ملائم سنگھ) یادو کی سالگرہ تقریب پر رامپور میں انھوں نے صرف کی تھی۔ اعظم خان نے خود کہا ہے کہ یہ رقم داؤد نے دی تھی۔ انھوں نے مبینہ طورپر جوابی طنز میں کہا تھا کہ اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ تقریب کے لئے رقم کہاں سے آئی تھی؟۔ انھوں نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ طالبان نے دی تھی، بعض کہتے ہیں کہ ابوسالم نے دی تھی اور بعض کا کہنا ہے کہ داؤد (ابراہیم) نے دی تھی۔

بعض دہشت گردوں سے رقم حاصل ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے، جس کے کچھ اصول اور نظریات ہیں، ایسے الزامات سماج وادی پارٹی قائد کی مایوسی ظاہر کرتے ہیں۔ ذبیحہ گاؤ کے مسئلہ پر اعظم خان نے کہا تھا کہ چاہے گائے ہو یا دیگر کوئی مویشی، کسی کا ذبیحہ نہیں ہونا چاہئے۔ رام مندر کے متنازعہ مسئلہ پر اعظم خان نے کہا تھا کہ بی جے پی صرف اس مسئلہ پر سیاست کر رہی ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ پارٹی کو انکشاف کرنا چاہئے کہ اس نے ان مسائل کے نام پر کتنے عطیہ جات حاصل کئے ہیں۔ رام مندر مسئلہ سیاسی فوائد کا مسئلہ بن گیا ہے۔ ایک مندر موجود ہے، عوام ایسے پروپیگنڈے سے اب اچھی طرح واقف ہو چکے ہیں۔ دریائے گنگا کی صفائی کے مسئلہ پر اعظم خان نے کہا تھا کہ مرکز کو بتانا چاہئے کہ اس کی صفائی کب ہوگی؟۔ ایک سال گزر چکا ہے اور صرف چار سال باقی ہیں، گنگا کے صفائی کے وقت کا بی جے پی کو تعین کرنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT