Monday , August 21 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی کی حکمت عملی ساز مرکزی وزیر انیل دوے کا انتقال

بی جے پی کی حکمت عملی ساز مرکزی وزیر انیل دوے کا انتقال

قومی پرچم نصف بلندی پر، مختلف سیاسی قائدین اور پارٹیوں کا اظہارتعزیت
نئی دہلی ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ماحولیات انیل دوے جو آر ایس ایس کے دیرینہ رکن اور بی جے پی کی حکمت عملی تیار کرنے والے قائد سمجھے جاتے تھے، جس کے نتیجہ میں مدھیہ پردیش سے کہنہ مشق کانگریسی قائد ڈگ وجئے سنگھ کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکا۔ وہ دو مرتبہ مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھاکے رکن رہ چکے تھے۔ انہوں نے آج صبح اپنے مکان پر بے چینی کی شکایت کی تھی۔ انہیں فوری ایمس روانہ کیا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ مجرد تھے۔ حکومت نے ان کے سوگ میں قومی پرچم سرکاری عمارتوں پر نصف بلندی تک لہرانے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ وہ کل رات دیر گئے پالیسی مسائل پر ان سے بات چیت کرچکے ہیں۔ انہیں اپنے دوست کے انتقال پر گہرا صدمہ پہنچا۔ انیل مادھو دوے ان کے محترم ساتھی تھے۔ چنانچہ وہ اظہارتعزیت کرتے ہیں۔ دوے آزادانہ چارج کے ساتھ ماحولیات، جنگلات اور تبدیلی ماحولیات وزیر گذشتہ سال مقرر کئے گئے تھے۔ دوے آرایس ایس سے طویل مدت سے منسلک تھے۔ وہ 2003ء میں نمایاں حیثیت اختیار کرگئے جبکہ انہوں نے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی تیار کی جس کے نتیجہ میں ڈگ وجئے سنگھ کو اقتدار سے بیدخل کردیا گیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ان کے اچانک انتقال پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ مودی نے کہا کہ دوے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ وہ ماحولیات کے تحفظ کا زبردست جذبہ رکھتے تھے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ انہیں مرکزی وزیر کے انتقال پر گہرا دکھ پہنچا ہے۔ مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے ان کے انتقال پر گہرا رنج و غم ظاہر کیا۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہا کہ ہندوستانی سیاست اور تحفظ مالیات کیلئے دوے کی دین ناقابل فراموش ہے۔ مرکزی وزیرقانون و اطلاعاتی ٹیکنالوجی روی شنکر پرساد نے کہا کہ وہ ایک قابل قدر ساتھی تھے اور طویل عرصہ سے ماحولیات اور پائیدار ترقی کی وزارت سے وابستہ تھے۔ رکن پارلیمنٹ ارون ٹھاکر نے انہیں ایک مخلص ماہر ماحولیات قرار دیا جس نے اپنی زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کردی تھی۔ وزیرمملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے انہیں ایک مکمل شریف انسان اور اچھا انسان قرار دیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ وزیر سائنس وٹیکنالوجی ہرش وردھن نے انہیں ایک شریف دانشور قرار دیا۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن راٹھور نے انہیں ایک سرگرم کارکن اور حیرت انگیز انسان قرار دیا۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ انہیں ڈوے جی کی اچانک موت پر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے نرمدا کے تحفظ کیلئے انتھک جدوجہد کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT