Friday , March 24 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی کی کامیابی ‘معاشی اصلاحات کیلئے معاون

بی جے پی کی کامیابی ‘معاشی اصلاحات کیلئے معاون

یو پی کے نتائج حیرت انگیز ۔ حکومت کے معاشی مشیر کا بیان
کوچی 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کے معاشی مشیر اروند سبرامنین نے کہا کہ حالیہ انتخابی نتائج ان کیلئے حیرت انگیز ہیں۔ ان نتائج نے مودی حکومت کو اپنے معاشی ایجنڈہ کو آگے بڑھانے کی سیاسی تائید فراہم کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اترپردیش کے انتخابی نتائج کی صحیح پیش قیاسی کرنے میں کامیاب نہیں رہا جیسا کہ بریگزٹ اور امریکی انتخابات میں ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج در اصل بہت بڑا سرپرائز ہیں۔ آپ اسے حیرت انگیز کہہ سکتے ہیں لیکن آپ اس حقیقت کو ظاہر کریں یا چھپائیں کہ انہوں نے اس قدر بڑی کامیابی کی توقع نہیں کی تھی ۔ اگر انہیں ایسا یقین ہوتا تو شائد وہ اس حکومت میں کام کرنے کیلئے فٹ نہیں ہوتے ۔ اروند سبرامنین یہاں ہورمس میمورئیل لیکچر دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کے پاس جو کچھ وہ کرنا چاہے وہ کرنے کیلئے تائید حاصل ہے ۔ اس میں یہ بھی شامل ہے کہ حکومت کس طرح سے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ کیا جانا ہے وہ کیا جائیگا ۔ خاص طور پر اس لئے کہ اب حکومت اور وزیر اعظم کو مستحکم سیاسی تائید حاصل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو پالیسیاں بنائی جاتی ہیں ان میں توجہ سرمایہ کاری واپس حاصل کرنے پر مرکوز کی جانی چاہئے۔ سبرامنین نے نوٹ بندی کو بھی حیرت انگیز قرار دیا اور کہا کہ اسے کامیاب قرار دینے سے قبل اس سلسلہ میں مزید کئی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ ترقیاتی ڈاٹا کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ حکومت کا ڈاٹا جو اعداد و شمار ظاہر کر رہا ہے وہ ابتدائی ہے ۔ اس پر نظر ثانی ہوسکتی ہے ۔ اس کا جائزہ مختلف پہلووں کو ذہن میں رکھتے ہوئے لیا جاسکتا ہے ۔ ابھی سے اس پر کوئی رائے ظاہر نہیں کی جاسکتی ۔اس میں کئی پہلووں کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT