Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / بی جے پی کی 2019 ہٹ لسٹ : کانگریس اسٹارس نشانے پر

بی جے پی کی 2019 ہٹ لسٹ : کانگریس اسٹارس نشانے پر

نئی دہلی 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے ’کانگریس مکت بھارت‘ کی اپنی مہم کو اگلی سطح تک لیجاتے ہوئے کلیدی کانگریسیوں کو 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات جیتنے سے روکنے کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے۔ پارٹی نے درجن بھر کانگریسی قائدین کی فہرست تیار کی ہے جن کے خلاف بنیادی سطح پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ نہ صرف ایم پیز بلکہ مختلف ریاستوں میں ٹیم راہول گاندھی کے کلیدی ارکان بھی نشانے پر ہیں۔ بی جے پی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ہر جگہ 40 پارٹی ورکرس کا گروپ بنایا گیا ہے جو کلیدی کانگریسی قائدین کے پارلیمانی حلقوں میں کام کرے گا۔ وہ وہاں 2019 ء لوک سبھا انتخابات تک کیمپ کریں گے۔ اُنھیں مختصر یہی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ کانگریس قائدین کے حامیوں کو متنفر کریں اور خاص طور پر ایسے قائدین کو نشانہ بنائیں جو کانگریس مکت بھارت کے ایجنڈے میں ممکنہ طور پر رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ جہاں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا امیتھی لوک سبھا حلقہ جیتنا زعفرانی پارٹی کی اولین ترجیح ہے، وہیں مدھیہ پردیش میں جیوتر ادتیہ سندھیا بی جے پی کے کٹر دشمن بن کر اُبھرے ہیں۔ کلیدی کانگریسی قائدین کے حلقوں میں کیمپ کرنے والے بی جے پی ورکرس کی ٹیموں سے کہا گیا ہے کہ مخصوص چیالنجوں پر کام کریں جیسے دین دیال اُپادھیائے کے نظریہ کے تعلق سے بیداری لانا، مرکزی اسکیمات کے فوائد سے استفادہ کرنے میں عوام کی مدد کرنا اور اپنی پارٹی کی رکنیت کو وسیع تر بنانا۔ رائے بریلی اور امیتھی کے علاوہ بی جے پی جن حلقوں پر کام کررہی ہے وہ سچن پائلیٹ، دپیندر ہوڈا، آر پی ایم سنگھ، اشوک تنور، رندیپ سرجیوالا، ششی تھرور، کمل ناتھ اور گورو گوگوئی وغیرہ کے حلقے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال بی جے پی کی قومی کونسل کی میٹنگ منعقدہ کوزی کوڈ میں اپنے اختتامی خطاب میں اپنی پارٹی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ آیا کیڈر توسیع کے لئے مکمل وقتی کام کرسکتا ہے؟ بی جے پی کے ایک نیشنل جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اپیل پر ردعمل اِس قدر جوش و خروش والا رہا ہے کہ پارٹی نے اپنے ورکرز کے اچھے استعمال کے لئے منفرد پروگرام ترتیب دیا ہے۔ ہمارے پاس زائداز 10 ہزار افراد ہیں جو 2019 ء لوک سبھا انتخابات تک اپنا مکمل وقت وقف کریں گے۔ بی جے پی کے ایک عہدیدار کے بموجب پارٹی نے گہری نظر رکھی ہوئی ہے کہ کانگریس قیادت کی باگ ڈور ٹیم سونیا گاندھی اُن کے فرزند اور پارٹی کے قومی نائب صدر راہول گاندھی کی قیادت والے گروپ کو کب اور کس طرح منتقل ہوتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT