Monday , August 21 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی کے انتخابی وعدے فراموش کانگریس کے نقش قدم پر چلنے کا الزام : شیوسینا

بی جے پی کے انتخابی وعدے فراموش کانگریس کے نقش قدم پر چلنے کا الزام : شیوسینا

ممبئی ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملوں کے پس منظر میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی حلیف جماعت شیوسینا نے آج دریافت کیا کہ بعض مسائل بشمول پاکستان پالیسی اور رام مندر پر تبدیلی کے لیے پارٹی کی مجبوریاں کیا ہیں جب کہ عوام نے بی جے پی کو بھاری اکثریت سے اقتدار میں لایا ہے ۔ شیوسینا نے کہا کہ پیشرو کانگریس حکومت نے جو غلطیاں کی تھیں وہی اب بی جے پی اعادہ کررہی ہے ۔ پارٹی کے ترجمان سامنا کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ رام مندر سے یکساں سیول کوڈ تک ، افراط زر سے کرپشن تک ، اور ہندوتوا سے پاکستان پالیسی تک مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد سے کیا تبدیلی واقع ہوئی ہے اور عوام وضاحت طلب کررہے ہیں کیوں کہ حکومت کی پالیسی پر عوام کی آزمائش سب سے مقدم ہوتی ہے ۔ شیوسینا نے کہا کہ کانگریس کی غلطیوں کو دہراتے ہوئے عوام کو انگشت نمائی کا موقع فراہم کررہے ہیں ۔ ہم نے ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں اور کارگل جنگ پر سوالات اٹھائے تھے لیکن اب ہم سے پٹھان کوٹ واقعہ پر دریافت کیا جارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT