Friday , September 22 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی گجرات میںریاستی حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کریگی

بی جے پی گجرات میںریاستی حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کریگی

انتخابی امور کے انچارچ ارون جیٹلی کا بیان ۔ ریاست میں کور گروپ ارکان سے ملاقات ۔ سوشیل میڈیا کارکنوں کیلئے ورکشاپ میں بھی شرکت
گاندھی نگر 11 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کیلئے بی جے پی کے انتخابی انچارچ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اور ان کی شریک انچارچ نرملا سیتا رامن نے آج پارٹی کی ریاستی یونٹ کے کور گروپ کے ارکان سے ملاقات کی تاکہ ریاست میں جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کی حکمت عملی کو قطعیت دی جاسکے ۔ ان دونوں قائدین نے ورکرس کیلئے منعقدہ ایک ورکشاپ میں شرکت کی ۔ یہ ورکشاپ ریاستی بی جے پی کے میڈیا اور سوشیل میڈیا ڈپارٹمنٹ سے وابستہ ارکان کیلئے منعقد کیا گیا تھا ۔ ان دونوں قائدین نے گذشتہ مہینے گجرات کے انتخابی امور کے نگران اور شریک نگران بنائے جانے کے بعد پہلی مرتبہ ریاست کا دورہ کیا ہے ۔ گجرات بی جے پی کے کور گروپ میں چیف منسٹر وجئے روپانی اور بی جے پی کے ریاستی سربراہ جیتو بھائی واگھانی بھی شامل ہیں۔ اس گروپ کے اجالس کے بعد ارون جیٹلی نے کہا کہ پارٹی ریاستی حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر اور ترقیاتی ایجنڈہ کی اساس پر اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے گجرات میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کیلئے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ وہ چیف منسٹر گجرات اور نرملا سیتارمن کے ہمراہ ریاستی بی جے پی کے کور گروپ کے ساتھ اجلاس منعقد کرچکے ہیں تاکہ انتخابات کیلئے ایک حکمت عملی کو قطعیت دی جاسکے ۔ ہم نے ایک ورکشاپ میں بھی شرکت کی جو میڈیا اور سوشیل میڈیا سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو تربیت دینے سے متعلق تھا ۔ جیٹلی نے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک علیحدہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس ورکشاپ میں پارٹی کے تقریبا 500 کارکنوں نے جو ریاستی بی جے پی میڈیا اور سوشیل میڈیا سرگرمیوں سیت علق رکھتے ہیں شرکت کی اور پارٹی کے سینئر قائدین نے اس اجلاس میں ان کی رہنمائی کی ۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد کیا گیا تھا جبکہ ریاست میں سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس جیسے واٹس اپ اور فیس بک وغیرہ پر بی جے پی کے اقتدار میں گجرات کے ترقیاتی ماڈل پر تنقیدیں کرنے والے پیامات عام ہوتے جا رہے ہیں۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ وہ اب وقفہ وقفہ سے گجرات کا دورہ کرتے رہیں گے ۔ گجرات میں بی جے پی کی جڑیں کافی مضبوط ہیں اور پارٹی نے ریاست کی ترقی کیلئے بہت کچھ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی حکومت کی کارکردگی کی اساس پر اور مستقبل میں ترقیاتی ایجنڈہ پر اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ نرملا سیتارامن نے بھی چیف منسٹر وجئے روپانی کی ستائش کی اور کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقیاتی ایجنڈہ کو ریاست میں بہتر انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کی انتخابی شریک انچارچ کے طور پر انہیں خاص طور پر سوراشٹر علاقہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ان کی پارٹی کی انتخابی مہم مثبت انداز میں چلائی جائیگی اور تعمیری انداز اختیار کیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے گجرات میں اپنی انتخابی تیاریوں میں تیزی پیدا کردی ہے اور پارٹی کے صدر امیت شاہ بھی گجرات کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کل بھی گجرات کا دورہ کرتے ہوئے نوجوانوں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا تھا ۔ انہوں نے نوجوانوں سے خاص طور پر اپیل کی تھی کہ سوشیل میڈیا پر بی جے پی کے خلاف جو پروپگنڈہ چل رہا ہے وہ اس کا شکار نہ بنیں۔

TOPPOPULARRECENT