Saturday , August 19 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی ۔ اکالی دل کا اتحاد برقرار رکھنے سے اتفاق

بی جے پی ۔ اکالی دل کا اتحاد برقرار رکھنے سے اتفاق

شرومنی اکالی دل قائدین کی امیت شاہ سے ملاقات ۔ کامیابی کی حکمت عملی کا جائزہ
نئی دہلی 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) این ڈی اے میں رابطوں کے فقدان پر تشویش کے بعد بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج شرومنی اکالی دل کے قائدین سے اپنی قیامگاہ پر ملاقات کی اور ان کے ساتھ آئندہ سال کے اوائل میں ہونے والے پنجاب اسمبلی انتخابات کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔ شرومنی اکالی دل کے سربراہ اور ڈپٹی چیف منسٹر سکھبیر سنگھ بادل نے بعد ازاں دونوں جماعتوں میں اختلافات کی تردید کی اور اس اتحاد کو مستقل قرار دیا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ اس اتحاد میں اب کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ سکھبیر بادل نے این ڈی اے کے کل منعقدہ اجلاس میں رابطوں کا مسئلہ اٹھایا تھا ۔ انہوں نے آج سینئر اکالی قائدین سکھدیو سنگھ ڈھنڈسہ اور نریش گجرال کے ساتھ امیت شاہ سے ملاقات کی اور تقریبا ایک گھنٹہ تک بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اکالی دل اور بی جے پی نہ صرف ایک پارٹی کی طرح ہیں بلکہ وہ نہ صرف آئندہ اسمبلی انتخابات بلکہ آئندہ 20 سال تک انتخابات میں ایک ساتھ مقابلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بی جے پی سربراہ کے ساتھ اس حکمت عملی پر بات چیت کی کہ کس طرح سے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی جائے ۔ ہم بہت جلد ایک کور کمیٹی تشکیل دینگے تاکہ اس مسئلہ پر کام کیا جاسکے اور اتحادی حلیفوں کے مابین صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد کو ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ نشستوں کی تقسیم کے فارمولے میں کسی تبدیلی کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ نشستیں ایک دوسرے سے بدلی جائیں تاہم بی جے پی ریاست میں 23 نشستوں پر ہی مقابلہ کریگی اور 117 کے مابقی حلقوں سے شرومنی اکالی دل مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے دونوں جماعتوں کے مابین کسی طرح کے اختلافات کو میڈیا کی قیاس آرائی قرار دیا ۔ بی جے پی کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی دونوں جماعتوں کے تعلقات پر غور کیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT