Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / بی سی طبقہ کے طلبہ کو بیرون ملک تعلیم کیلئے رقمی منظوری کا خیرمقدم

بی سی طبقہ کے طلبہ کو بیرون ملک تعلیم کیلئے رقمی منظوری کا خیرمقدم

تلنگانہ کے تمام طبقات کے ساتھ چیف منسٹر کی انصاف رسانی : ٹی سرینواس یادو

حیدرآباد۔ 10 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سنیماٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے غریب بی سی طلبہ کیلئے بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے حکومت کی جانب سے 60 کروڑ روپئے منظور کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔جاریہ سال 300 طلبہ کو اوورسیز اسکالرشپس جاری کرنے کا اعلان کیا۔ آج سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کررہے ہیں۔ غریب بی سی طلبہ کو بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کیلئے مہاتما جیوتی راؤ پھولے بی سی اوورسیز اسکالرشپس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غریب بی سی طلبہ کو بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے فی کس 20 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ کے سی آر کے اس فیصلے سے بی سی طبقات میں خوشی کی لہر ہے۔ وزیر سنیماٹوگرافی نے کہا کہ بی سی طبقات میں کئی ایسے طبقات ہیں جو برسوں سے انہیں بھی تحفظات کے زمرے میں شامل کرنے اور حکومت کی تمام سہولتیں، رعایتیں وغیرہ فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد کابینی اجلاس میں بی سی کمیشن تشکیل دینے کے فیصلہ کو منظوری دے دی ہے۔ یہ بھی ایک تاریخی اقدام ہے۔ حکومت نے مچھیروں کی ترقی اور بہبود کیلئے 101 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ مچھیروں کی بہبود کیلئے 45 کروڑ روپئے کے مصارف سے صد فیصد سبسڈی کے ساتھ تالابوں، کنٹوں میں افزائش مچھلیوں کیلئے مچھلی کے بچے مفت تعلیم کئے گئے ہیں۔ جانوروں کے بہتر علاج کیلئے 108 سرویس کے طرز پر 109، 100 موبائل سرویس کا آغاز کرتے ہوئے جانوروں کا علاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نظم و نسق کو عوام کی دہلیز تک پہونچانے کیلئے اضلاع کی تشکیل جدید کرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش سے جن فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، حکومت متاثرہ کسانوں سے مکمل انصاف کرے گی۔ نقلی بیج سربراہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی لگایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT