Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بی سی کمیشن کی رپورٹ کو تاریخ کا حصہ بنانے کا عزم

بی سی کمیشن کی رپورٹ کو تاریخ کا حصہ بنانے کا عزم

صدر نشین بی ایس راملو اور دیگر ارکان کا حلف ، رویندرا بھارتی میں تقریب
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن کے صدرنشین اور ارکان نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اس سلسلہ میں رویندرا بھارتی میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔ کمیشن کے صدرنشین بی ایس راملو اور ارکان جے گوری شنکر، انجینلو گوڑ اور وی کرشنا موہن راؤ نے عہدہ کا حلف لیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ای راجندر، جوگو رامنا، رکن پارلیمنٹ بی سمن، رکن اسمبلی جی کشور کے علاوہ مختلف قائدین موجود تھے۔ وزیر فینانس ای راجندر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبقات کے درمیان عدم مساوات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے بی سی کمیشن تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدرنشین بی ایس راملو کی قیادت میں کمیشن کی کارکردگی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی سی کمیشن پسماندہ طبقات کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو جامع رپورٹ پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے مسائل کا گہرائی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک بی سی طبقات کی آبادی کے بارے میں کوئی اعداد و شمار موجود نہیں ہیں جس سے ان کی بھلائی کے اقدامات میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سابق میں حکومتوں نے بی سی طبقات کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے حکومت نے اقامتی اسکولس قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی سی طبقات کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ غریب بی سی لڑکیوں کی شادی میں امداد کیلئے کلیان لکشمی اسکیم سے استفادہ کی سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے پسماندہ طبقات کے ساتھ ہے۔ ای راجندر نے کمیشن کو مشورہ دیا کہ وہ بی سی کے تمام طبقات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرے تاکہ بی سی طبقات کی ہمہ جہتی ترقی اور فلاح و بہبود کے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی سی کمیشن کی رپورٹ اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور حکومت کو پسماندہ طبقات کی ترقی کے اقدامات میں رہنمائی اور مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کمیشن کے نو منتخب صدرنشین اور ارکان سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی۔ وزیر قبائیلی بہبود و پسماندہ طبقات جوگو رامنا نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے بی سی کمیشن کی تشکیل باعث اطمینان ہے۔ ریاست میں 50فیصد سے زائد پسماندہ طبقات کی آبادی ہے اور ان کی بھلائی کیلئے چیف منسٹر نے کمیشن تشکیل دیا ہے۔ بی سی کمیشن پسماندہ طبقات کی معاشی، تعلیمی اور سماجی زندگی کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو سفارشات پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کمزور طبقات کی ترقی کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں اور کمیشن کے قیام سے امید جاگی ہے کہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کی بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT