Wednesday , September 20 2017
Home / جرائم و حادثات / AK47بی ڈی ایل میں نفسیاتی مریض نےرائفل چھین لی

AK47بی ڈی ایل میں نفسیاتی مریض نےرائفل چھین لی

حیدرآباد 11 ستمبر (سیاست نیوز) دفاعی ادارہ بھارت ڈائنامکس لمیٹیڈ (بی ڈی ایل) کنچن باغ میں آج شام اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان سخت سکیورٹی کے حامل اِس ادارہ میں گھس پڑا اور وہاں موجود سکیورٹی گارڈ کی AK-47 رائفل چھیننے کی کوشش کی۔ اِس کے ساتھ ہی سکیورٹی عملہ چوکس ہوگیا اور بی ڈی ایل کے صیانتی انتظامات سخت کردیئے گئے۔ بعدازاں یہ انکشاف ہوا کہ نوجوان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، وہ نفسیاتی مریض ہے جس کے پاس مصدقہ سرٹیفکٹ بھی موجود ہے اور گزشتہ تین سال سے انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلت ایرہ گڈہ میں زیرعلاج ہے۔ تفصیلات کے بموجب 23 سالہ محمد ابرار ساکن حافظ بابا نگر کنچن باغ اپنے چھوٹے بھائی 15 سالہ محمد ابراہیم کے ہمراہ آج شام بی ڈی ایل پہونچ کر باب الداخلہ پر موجود سکیورٹی گارڈ پرمود منج سے پہلے بات کی اور اچانک اُس کی AK-47 رائفل چھین لی۔ سکیورٹی گارڈ نے رائفل کو ایک زنجیر سے اپنے بیلٹ کو باندھ رکھا تھا جس کے نتیجہ میں نوجوان رائفل کو چھیننے میں ناکام رہا۔ اِس واقعہ کے بعد دفاعی ادارہ کے علاوہ ساؤتھ زون پولیس چوکس ہوگئی اور مسلح فورس کو وہاں طلب کرلیا گیا۔ محمد ابرار کو سکیورٹی گارڈ نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے دبوچ لیا اور اُسے گارڈ روم میں منتقل کیا اورکچھ ہی دیر میں پولیس وہاں پہونچ گئی۔ یہ واقعہ دفاعی ادارہ سے متعلق ہونے کے سبب ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا وہاں پہونچ کر نوجوان کی تفتیش کی جس میں اُنھیں پتہ چلا کہ نوجوان گزشتہ تین سال سے مینٹل انسٹی ٹیوٹ میں زیرعلاج ہے اور پولیس نے اس بات کی تصدیق بھی کرلی ہے۔ بعدازاں ابرار کو کنچن باغ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور اُس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 379 اور 511 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

 

TOPPOPULARRECENT