Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بی یو ایم ایس میں داخلوں کیلئے 6 ستمبر کو انٹرنس ٹسٹ ، یونیورسٹی کا اعلامیہ جاری

بی یو ایم ایس میں داخلوں کیلئے 6 ستمبر کو انٹرنس ٹسٹ ، یونیورسٹی کا اعلامیہ جاری

انٹر میڈیٹ میں 50 فیصد نشانات کے ساتھ ایک مضمون اردو ، عربی ، فارسی لازمی ، پرنسپل کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : پروفیسر ڈاکٹر واسعہ نوید پرنسپل گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج و چیرمین بورڈ آف اسٹڈیز ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس وجئے واڑہ نے صحافتی بیان میں بتایا ہے کہ بی یو ایم ایس میں داخلوں کے لیے انٹرنس ٹسٹ کے لیے رجسٹرار این ٹی آر یونیورسٹی وجئے واڑہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ انٹرنس امتحان 6 ستمبر کو عثمانیہ میڈیکل کالج کوٹھی پر صبح 10 تا ایک بجے دن منعقد ہوگا ۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹر میڈیٹ امتحانات میں بیالوجی ، فزیکس ، کیمسٹری میں 50 فیصد نشانات سے زائد حاصل کیے ہوں اور ان کو ضروری ہے کہ ایس ایس سی یا انٹر میڈیٹ میں بحیثیت ایک مضمون اردو ، عربی یا فارسی تجویز کیا ہو بصورت دیگر نا اہل قرار دئیے جائیں گے ۔ امیدواروں کی عمر کم از کم 31 دسمبر 2015 کو 17 سال مکمل ہوجانی چاہئے ۔ درخواست فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ drntruhs.org سے 12 تا 22 اگست شام 5 بجے سے پہلے حاصل کرسکتے ہیں ۔ شخصی طور پر درخواست فارم معہ مطلوبہ تصدیق کردہ صداقت ناموں کے ساتھ اور 800 روپئے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بنام رجسٹرار ڈاکٹر ین ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس وجئے واڑہ کسی بھی قومیائے ہوئے بنک سے حاصل کردہ ہو منسلک کریں اور شخصی طور پر یا برائے ٹپہ پرنسپل گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج چارمینار حیدرآباد کو 24 اگست 2015 کو شام 5 بجے سے قبل پہونچ جانا چاہئے ۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو کسی بھی حال میں درخواست فارم یونیورسٹی کو نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امیدوار اپنے ہال ٹکٹس 3 ستمبر 2015 صبح 10 بجے کے بعد یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کردیا ہے کہ نا مکمل درخواست فارم یا بغیر تصدیق شدہ صداقت ناموں کو منسلک کرنے یا انٹرنس امتحان کے لیے رجسٹریشن کا ڈیمانڈ ڈرافٹ نہ لگانے یا آخری تاریخ کے بعد ملنے والی تمام درخواستوں کو مسترد کردیا جائے گا ۔ ٹپہ سے دیر سے ملنے والی درخواستوں کے لیے یونیورسٹی یا پرنسپل ذمہ دار نہیں ہوگا ۔ ڈاکٹر واسعہ نوید نے بتایاکہ بی یو ایم ایس میں داخلوں سے متعلق انٹرنس امتحان برائے تعلیمی سال 2015-16 کے لیے ہے جب کہ امیدواروں کا داخلہ گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج حیدرآباد ، ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول اور العارف یونانی میڈیکل کالج حیدرآباد میں ہوگا ۔ نشستوں کا دار و مدار (CCIM) کی منظوری پر منحصر ہوگا ۔ گزشتہ تعلیمی سال 2014-15 کے تحت (CCIM) کی منظوری کے مطابق علی الترتیب 60 ، 50 اور 100 نشستوں پر داخلے عمل میں آئے تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT