Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / بے روزگاروں کو روزگار فراہمی کے لیے حکومت سنجیدہ ، ایٹالہ راجندر

بے روزگاروں کو روزگار فراہمی کے لیے حکومت سنجیدہ ، ایٹالہ راجندر

چیرمین سٹ ون کی حصول جائزہ تقریب ، محمد محمود علی ، عنایت علی باقری و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں جس کی مثال ریاست کی تشکیل کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے ایک مسلمان کو مقرر کیا جس کے بعد ڈپٹی مئیر کی حیثیت سے بابا فصیح الدین کا انتخاب اور اب عام زمرہ کے اداروں کے صدور نشین کی حیثیت سے مسلمانوں کی نامزدگی عمل میں لائی گئی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے آج سیٹ ون کے نامزد صدر نشین جناب میر عنایت علی باقری کے حصول جائزہ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کے علاوہ ٹی آر ایس ایم ایل سی محمد فاروق حسین ، ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین اور دیگر قائدین اور حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت سے غریبوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ حکومت کے اسکیمات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔ جناب محمد محمود علی نے سٹ ون کے چیرمین میر عنایت علی باقری کو حصول جائزہ پر مبارکباد پیش کیا اور توقع ظاہر کیا کہ وہ اپنے خدمات کو بحسن و خوبی انجام دے کر ریاست بھر کے اقلیتوں بالخصوص پرانے شہر کے نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار فراہمی کا موقع دیں گے ۔ وزیر فینانس جناب ایٹالہ راجندر نے اس بات کا تیقن دیا کہ سٹ ون کے ذریعہ بے روزگار نوجوانوں کو فراہمی ملازمت کے لیے حکومت سے ہر ممکنہ مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں پر صدور نشین کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سینئیر قائدین کو ترجیح دی ہے اور مستقبل قریب میں دیگر قائدین کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا ۔ جناب میر عنایت علی باقری چیرمین سٹ ون نے حصول جائزہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور اس بات کا عزم کیا کہ وہ اقلیتی نوجوانوں کو فنون لطیفہ کی تربیت اور روزگار فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں آنجہانی چیف منسٹر چنا ریڈی کے دور میں سٹ ون ادارہ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ جناب قادر علی خاں نے اس کی ترقی میں اہم رول ادا کیا لیکن افسوس کہ اس ادارہ کو ایک منظم سازش کے تحت نظر انداز کر کے تباہی کے دہانے پر پہونچا دیا گیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے بھروسہ پر مکمل اترنے کا اعلان کیا اور اندرون ایک سال چار ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے مخاطب کرتے ہوئے سٹ ون چیرمین کی حیثیت سے عنایت علی باقری کی نامزدگی کو حق بجانب قرار دیا اور جی ایچ ایم سی سے سٹ ون کی ترقی کے لیے بھر پور تعاون کا تیقن دلایا ۔ اس تقریب میں عنایت علی باقری کی گلپوشی اور شال پوشی کثرت سے کر کے مبارکباد دی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT