Thursday , July 27 2017
Home / شہر کی خبریں / تاریخی عمارتوں کی ترقی و تزئین نو کے لیے مرکز سے 99.42 کروڑ منظور

تاریخی عمارتوں کی ترقی و تزئین نو کے لیے مرکز سے 99.42 کروڑ منظور

قطب شاہی پارک ، گنبداں پائیگاہ ، مسجد حیات بخشی بیگم اور ریمنڈ کے مقبرہ کو ترقی دینے اقدامات
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تاریخی عمارتوں کی ترقی و تزئین نو کیلئے حکومت ہند کی وزارت سیاحت نے ’سودیش درشن‘ اسکیم کے تحت 99کروڑ 42 لاکھ کی بھاری رقم کو منظوری دیدی ہے اور یہ رقومات گنبدان شاہی سے متصل قطب شاہی پارک‘ گنبدان پائیگاہ‘ مسجد حیات بخشی بیگم اور ریمنڈ کے مقبرہ کی ترقی و تزئین عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت ہند نے مالی سال 2016-17کے بجٹ میں سودیش درشن اسکیم کے تحت مختص کردہ بجٹ میں 99.42کروڑ کی منظوری دیتے ہوئے ان رقومات کے ذریعہ انجام دیئے جانے والے کاموں کی تفصیل پیش کی۔منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ڈاکٹر کرسٹینا زیڈ چونگتو نے نئی دہلی میں آج معتمد وزارت سیاحت مسٹر ونود زتشی سے ملاقات کی اور اجلاس کے دوران یہ منظوری عمل میں لائی گئی۔ تفصیلات کے بموجب قطب شاہی پارک کیلئے 82کروڑ 43لاکھ 21ہزار کی رقم مختص کی گئی ہے اور گنبدان پائیگاہ کیلئے 4کروڑ 10لاکھ29ہزار کی تخصیص عمل میںلائی گئی ہے۔ مسجد حیات بخشی بیگم کیلئے 2 کروڑ 18لاکھ22ہزار روپئے مختص کئے گئے ہیں اور ریمنڈ کے مقبرہ کیلئے 4کروڑ 20لاکھ 2ہزار روپئے مختص کئے گئے ہیں۔جملہ کاموں کیلئے مختص کردہ رقومات کا 2فیصد حصہ مشورہ‘ ڈیزائن اور انتظامی امور کیلئے مختص کیا گیا ہے جبکہ 3فیصد حصہ دیگر ہنگامی کاموں کیلئے رکھا گیا ہے۔ منصوبہ کے مطابق قطب شاہی پارک کی ترقی کیلئے مختص کردہ 82کروڑ 83لاکھ 21ہزا رکے ذریعہ جو ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے ان میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب‘ پارکنگ ‘ پاتھ وے‘ باغبانی‘ عقبی دیوار کی تعمیر‘ لائیٹنگ‘ بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کے علاوہ دیگر مد پر خرچ کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔اسی طرح گنبدان پائیگاہ میں آہک پاشی‘ تزئین نو‘ پارکنگ کامپلکس‘ لائٹنگ‘ فرنیچر کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب و دیگر امور پر خرچ کو منظوری دی گئی ہے۔ گنبدان پائیگاہ کیلئے 4کروڑ 10لاکھ 29ہزار روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ مسجد حیات بخشی بیگم کیلئے مرکزی وزارت سیاحت نے 2کروڑ 18لاکھ 22ہزارمختص کئے ہیں جن کے ذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ‘ زمین کو مسطح کرنے کا عمل‘ پارکنگ ‘ لائٹنگ اور فرنیچر کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جائے گااور عصری کوڑے دان کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ ریمنڈ کے مقبرے کی ترقی و سیاحتی فروغ کیلئے مختص کئے گئے4کروڑ 20لاکھ2ہزار میں پاتھ وے ‘ باب الداخلہ‘ اطراف دیوار کی تعمیر‘ زمین کو مسطح کرنے کا عمل‘ لائٹنگ‘ پارکنگ کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل انجام دیا جائے گا۔علاوہ ازیں سیاحوں کیلئے فرنیچر کی تنصیب و دیگر امور بھی مکمل کر لئے جائیں گے۔بتایا جاتا ہے کہ ان سیاحتی مقامات کے فروغ کیلئے سودیش درشن منصوبہ کے تحت جاری کردہ اس بجٹ میں اضافہ کی گنجائش بھی موجود ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT