تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کیلئے وسیع تر انتظامات

   

کے سی آر 11 بجے قومی پرچم لہرائیں گے، سیکوریٹی اور دیگر انتظامات پر ڈی جی پی نے جائزہ اجلاس منعقد کیا
حیدرآباد ۔11۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی یوم آزادی تقاریب تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں منعقد کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیںگے۔ یوم آزادی تقاریب کے سلسلہ میں سیکوریٹی انتظامات پر ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ 15 اگست کی صبح سکندرآباد میں یادگار شہیدان پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر 11 بجے دن قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرائیں گے ۔ اس موقع پر وسیع تر انتظامات کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات میں کوئی نقائص نہ رہیں۔ اجلاس میں پولیس کمشنر سی وی آنند ، ایڈیشنل ڈی جی پی سواتی لکرا ، سکریٹری محکمہ تعلیم وی کرونا ، ڈائرکٹر محکمہ تعلیم دیواسینا ، پروٹوکول ڈائرکٹر اروند سنگھ ، مینجنگ ڈائرکٹر ٹورازم کارپوریشن منوہر اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تقاریب میں حصہ لینے والے مدعوئین کے علاوہ عوام کے مشاہدہ کیلئے ایل ای ڈی اسکریننگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ گولکنڈہ کے احاطہ میں 14 اسکریننگ لگائے جائیں گے۔ پروگرام کے لائیف ٹیلی کاسٹ کے لئے 10 کیمرہ یونٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کمشنر انفارمیشن اشوک ریڈی نے بتایا کہ یوم آزادی تقاریب کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جارہا ہے ۔ تقاریب میں شرکت کیلئے اہم شخصیتوں ، عہدیداروں اور مدعوئین کیلئے بہتر سہولتوںکی فراہمی کی ہدایت دی گئی۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے ذریعہ ایک لاکھ پینے کے پانی کے پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ 25,000 پانی کے بوتلوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ مینجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس دانا کشور نے تفصیلات پیش کیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے 4 ایمبولنس گاڑیوں کا انتظام رہے گا۔ گولکنڈہ پرائمری ہیلت سنٹر کے عہدیدار موجود رہیں گے۔ 3 فائر انجن اور دیگر ہنگامی خدمات کو تیار رکھا جائے گا۔ بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے خصوصی جنریٹرس کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ بارش کے پیش نظر واٹر پروف شیڈ تیار کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کا استقبال 1200 اسکولی طلبہ کی جانب سے کیا جائے گا ۔ گولکنڈہ کے اطراف 1930 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت رہے گی۔ اایڈیشنل کمشنر سدھیر بابو نے بتایا کہ وزراء ، اعلیٰ عہدیداروں ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور میڈیا کی گاڑیوں کے لئے پارٹی کا انتظام رہے گا ۔ جی ایچ ایم سی کے ذریعہ صحت و صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری کی دیگر مصروفیات کے سبب ڈائرکٹر جنرل پولیس نے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔