Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات

تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات

روزہ داروں اور مصلیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کا دورہ
حیدرآباد۔/27مئی، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تاریخی مکہ مسجد کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مکہ مسجد کے عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دی کہ ماہ مقدس کے دوران روزہ داروں اور مصلیوں کیلئے ہر ممکن سہولتوں کا اہتمام کیا جائے۔ مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ عبدالقدیر صدیقی نے انہیں مسجد کے انتظامات اور خاص طور پر افطار اور تراویح کے سلسلہ میں کئے گئے خصوصی انتظامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دہا میں تراویح میں مصلیوں کی صفیں حوض تک پہنچ جاتی ہیں اور بارش کی صورت میں بچاؤ کیلئے واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ گرمی کی صورت میں بڑے ایر کولرس نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صفوں کے درمیان صاف پینے کے پانی کا انتظام بھی کیا جارہاہے تاکہ نماز تراویح کے دوران مصلیوں کو پانی کیلئے باہر نکلنے زحمت نہ ہو۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے مشورہ دیا کہ سرکاری ذمہ داری کے علاوہ اپنی دینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ملازمین کو خدمات انجام دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مکہ مسجد کے تمام انتظامات اور مختلف سہولتوں کی فراہمی کیلئے 8.4کروڑروپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، لاؤڈ اسپیکر سسٹم اور الیکٹریسٹی سسٹم کی درستگی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ نماز اور بطور خاص افطار اور تراویح کے موقع پر برقی کی سربراہی منقطع ہونے کی صورت میں جنریٹر تیار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کی چھت کی مرمت اور درستگی کا کام رمضان المبارک کے بعد شروع کیا جائے گا جس کی ذمہ داری آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین کو سونپی گئی ہے۔ عمر جلیل نے کہا کہ چھت کی درستگی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں حکومت نے جو فیصلے کئے تھے اس کے مطابق تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ کاروباری اداروں کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماہ صیام کے دوران کسی بھی وقت دوبارہ مسجد کا اچانک دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد میں صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی کیونکہ افطار کے بعد صحن میں صفائی کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کے علاوہ شاہی مسجد باغ عامہ میں بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT