Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تاریخ اسلام لکچر کی نشست ’’دواخانہ عثمانیہ کی عمارت‘‘،جناب احمد علی کا خطاب

تاریخ اسلام لکچر کی نشست ’’دواخانہ عثمانیہ کی عمارت‘‘،جناب احمد علی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (پریس نوٹ) دواخانہ عثمانیہ کی عمارت ہمارا تہذیبی و تمدنی ورثہ، اس کی بقاء و تحفظ کی ذمہ داری تلنگانہ حکومت کا فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ گن فاونڈری میں تاریخ اسلام لکچر کی 702 ویں نشست بعنوان ’’دواخانہ عثمانیہ کی عمارت‘‘ میں جناب احمد علی کیوریٹر (مخطوطات) سالارجنگ میوزیم نے کیا۔ نشست کا آغاز حافظ محمد شاہد حسین کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ مقرر نے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت انہدام کے فیصلہ کو فی الفور واپس لے کیوں کہ آثارقدیمہ کی عمارات کا انہدام یا انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا ناقابل فراموش جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی دواخانہ عثمانیہ میں تین وسیع و عریض قبرستان موجودہیں چنانچہ قدیم مردہ خانہ کے پیچھے کے قبرستان پر بلڈوزر چلایا جارہا ہے جس سے اس بات کا خدشہ ہے کہ وہاں پر موجود قبور مسمار ہوں گی۔ یہ قبرستان تقریباً تین ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے۔ دواخانہ عثمانیہ کی عمارت کی طرز تعمیر پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یوروپی اور اسلامی طرز تعمیر کا یہ ایک نادر و نایاب نمونہ ہے۔ بیرونی سیاح اس عمارت کو پیالیس تصور کرتے ہیں۔ اس کی بلند و بالا گنبدیں، محرابیں اور اس کے نقش و نگار فن تعمیر کے ایک انوکھے انداز کو پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ عثمانیہ دراصل 1860ء میں افضل گنج دواخانہ کے نام سے افضل الدولہ بہادر نے قائم کیا جو 11 اگست 1866ء سے کام کرنے لگا اور اس میں 1880ء میں زنانی شعبہ بھی قائم کیا گیا جس کو 1906ء میں وکٹوریہ زنانہ دواخانہ کے قیام کے بعد علحدہ کردیا گیا جب 1908ء میں طغیانی میں دواخانہ افضل گنج متاثر ہوگیا تو نواب میر عثمان علی خان بہادر نے عثمانیہ دواخانہ تعمیر کروایا جو آج حکومت کی خصوصی توجہ کا طالب ہے۔ جناب غلام یزدانی کنوینر محفل نے کہا کہ مقرر نے حالات حاضرہ کے ایک اہم مسئلہ ’’انہدام عمارت عثمانیہ دواخانہ‘‘ پر عوامی احساسات کی بروقت ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ ہر ہفتہ منعقد ہونے والے محافل میں شرکت نہ کرسکیں تو کم از کم ویب سائیٹ www.mahafil-e-aliya.com پر ان قیمتی اور پابندی سے ہونے والے خطابات سے اپنی فیملی کے ساتھ استفادہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT