Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تالاب بم رکن الدولہ کو نقصان پہونچانے کی کوششیں

تالاب بم رکن الدولہ کو نقصان پہونچانے کی کوششیں

حکومت خاموش تماشائی ، پانی کے اخراج کو فوری روکنے کی ضرورت
حیدرآباد۔4 اکٹوبر (سیاست نیوز ) تالاب بم رکن الدولہ کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں اور حکومت متعدد توجہ دہانیوں کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تالابوں کے تحفظ اور ان کی نگہداشت کے دعوے کرنے والی حکومت کے عہدیدار تالاب بم رکن الدولہ سے پانی کے اخراج کی شکایات پر خاموش ہے بلکہ اس شکایت کے موصول ہونے کے بعد فون بند کرتے ہوئے یہ تاثر دے چکے ہیںکہ وہ اس تالاب کے تحفظ کے لئے کچھ کرنے سے قاصر ہیں۔ کنگس کالونی شاستری پورم کے عقب میں واقع تالاب بم رکن الدولہ کے تحفظ کیلئے برسوں سے کی جا رہی نمائندگیاں بیکار ثابت ہو رہی ہیں لیکن حالیہ بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلانات سے ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ حکومت تالابوں اور نالوں کے تحفظ کے معاملہ میں کوئی مفاہمت نہیں کرے گی بلکہ جو لوگ نالوں یا تالابوں کے لئے خطرات پیدا کرنے والے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی لیکن ایسا ہونا تو دور اس قدیم تاریخی تالاب میں جہاں اب کچھ پانی جمع ہوا ہے اسے خارج کرنے کیلئے پائپ لائن نصب کی گئی ہے تاکہ تالاب کو جلد از جلد سوکھایا جا سکے۔ ”Save our Urban Lakes”کی جانب سے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ضلع کلکٹریٹ و متعلقہ عہدیداروں کو شکایات روانہ کیئے جانے کے باجود عہدیدادروں میں کسی قسم کی حرکت نہ ہونا اور لینڈ گرابرس کی جانب سے اس تالاب سے پانی کے اخراج کی کوششیں جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی اس علاقہ سے یا تالابوں کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور اگر حکومت کو دلچسپی ہے بھی تو اس دلچسپی کا اثر عہدیداروں پر نہیں ہے۔ ریاست گیر سطح پر حکومت مشن کاکتیہ کے نام پر کروڑہا روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں اور تالابوں میں پانی جمع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پرانے شہر کے اس علاقہ میں موجود تاریخی تالاب کو تباہ کرنے اور اس سے پانی خالی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔Soulکی جانب سے مسز لبنی ثروت‘ مسٹر ایس کیو مسعود اور محترمہ جسوین جئے رتھ نے اس ذخیرہ ٔ آب کی تباہی کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نہ صرف ریاستی حکومت کے متعلقہ محکمہ ٔ جات کو مکتوب روانہ کئے ہیں بلکہ قومی سطح پر تالابوں اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے خدمات انجام دینے والے اداروں و تنظیموں کے ذمہ داران کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے تالاب بم رکن الدولہ سے پانی کے اخراج کو فوری روکوانے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT