Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تاملناڈو سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری

تاملناڈو سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری

انڈین یونین مسلم لیگ کے کارکن امدادی کاموں میں مصروف
چینائی /13 دسمبر (ای میل) گذشتہ ایک صدی کی سب سے تباہ کن بارش نے ریاست تاملناڈو کو زیر و زبر کرکے رکھ دیا ہے۔ دارالحکومت چینائی میں بارش کی تباہیاں ناقابل بیان ہیں۔ اس کے علاوہ اضلاع تریویلور، کانچی پورم، ویلوپورم اور کڈولور بھی بارش سے بُری طرح متاثر ہوئے ہیںتجربہ کار صحیفہ نگاروں، مورخین اور ماہرین سماجیات کے مطابق یہ بارش جس نے بڑے پیمانے پر تباہیاں لائی ہیں۔ قطعی غیر متوقع تھی۔ اس آفت سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اور تقریباً تین چوتھائی شہر کے لا تعداد مکانات منہدم ہوچکے ہیں۔ سرکاری کوارٹرس، دواخانے، تعلیمی ادارے اور تمام رہائیشی مقامات غرقاب ہوچکے ہیں۔ ریاستی حکومت، فوج، سیاسی پارٹیاں، عوامی ادارے، مساجد، منادر اور دیگر عبادت گاہوں کی کمیٹیاں اور انسانیت کا درد رکھنے والے اصحاب اپنے اپنے طور پر امدادی کاموں میں جُٹے ہوئے ہیں۔ پروفیسر کے ایم قادر محی الدین سابق ایم پی (صدر انڈین یونین مسلم لیگ تاملناڈو نے ان بدترین حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ اپنے کارکنوں اور یوتھ ونگ ارکان کے ساتھ سیلاب متاثرین کی بے مثال خدمت کررہی ہے وہ ان کی امدادو بحالی، اور کھانے پینے کے انتظامات میں شبانہ روز مصروف ہیں۔ مختلف اضلاع میں مسلم لیگ کی شاخیں سیلاب زدگان کی تمام ضروریات کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں۔ ان علاقوں میں کیرلامسلم کلچرکمیٹی، اور کیو ایم پی کے کارکن مسلسل امدادی کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔ محلوں کی جماعتوں اور تنظیموں کے کارکن نہایت دردمندی سے متاثرین سیلاب کو پریشانیوں سے نکالنے میں اپنے بھاری عطیات، اشیائے ضروریہ، سازوسامان، کپڑوں، بستروں، ہنگامی حالات میں استعمال کی جانے والی غذائی اشیاء وغیرہ کی فراہمی کے ذریعہ ہر ممکن مدد کررہی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو بھر پور طبی امداد کی فراہمی کے لئے کے ایم سی سی بنگلور نے دو ایمبولینس چینائی روانہ کی ہیں۔ انڈین یونین مسلم لیگ نے ایک ریلیف کمیٹی تشکیل دی ہے جو ان امدادی کاموں میں تال میل پیدا کرنے اور امداد و بحالی کے تیز رفتار اقدامات میں تعاون کررہی ہے۔ خصوصاً ان علاقوں کو امداد رسانی میں ترجیح دی جارہی ہے جہاں اب تک کسی قسم کی امداد نہیں پہنچ سکی ہے۔ ان علاقوں کاانتخاب کمیٹی نے تفصیلی جائزے کے بعد کیا ہے۔ یہ ریلیف کمیٹی منتخبہ علاقوں میںغذائی اشیاکے پیاکیجس، کپڑے، بستر،بلانکٹس، موم بتیاں، دیا سلائی اوردیگر ضروری سامان تقسیم کررہی ہے۔ امداد کی تقسیم کا یہ سلسلہ یکم ڈسمبر سے شروع ہوا ہے۔ فی الحال مسلم لیگ کے والینٹرس کے یم سی سی کارکنوں کے ساتھ پوری طرح شبانہ روز سرگرم ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کو پہلے بچایا جارہا ہے پھر ان کی امداد کی جارہی ہے متاثرین کی بازآبادکاری پہلی اور بڑی ضرورت ہے۔ اس کے لئے بہت بھاری رقم درکار ہے۔ تاکہ منتخبہ علاقوں میں اس کام کو انجام دیا جاسکے انڈین یونین مسلم لیگ تاملناڈو نے IUML.TN.RELIFE FUNDکے نام سے ایک علیحدہ بنک اکاؤنٹ جس کا نمبر 030502000005282  IFC کوڈ 10BA0000305ہے انڈین اورسیز بنک متھیال پیٹ برانچ چینائی میں کھولا ہے۔ ہم انسانیت کا درد رکھنے والے رحم دل اصحاب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس اکاؤنٹ میں اپنے فراخدلانہ عطیات جمع کروائیں تاکہ سیلاب کی آفت سے متاثرہ لاکھوں پریشان حال افراد کی امداد بحالی اور بازا ٓبادکاری میں مدد مل سکے۔ مولانا محمد نوح صدر انڈین یونین مسلم لیگ ضلع گلبرگہ نے گلبرگہ کے اہل خیر حضرات سے تاملناڈو کے سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو حضرات بنک جاکر امداد روانہ کرنے سے قاصر ہیں وہ موبائیل نمبر 988088738پر رابطہ کرکے اپنی رقم ہمارے نمائندے کو دے سکتے ہیں یہ رقم بنک کے ذریعہ ریلیف فنڈ اکاؤنٹ میں جمع کرادی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT