Wednesday , September 20 2017
Home / سیاسیات / تاملناڈو کانگریس صدر کے خلاف بغاوت

تاملناڈو کانگریس صدر کے خلاف بغاوت

نئی دہلی ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : پارٹی لیڈروں کے ایک گوشہ کی باغیانہ روش سے دوچار تاملناڈو کانگریس کمیٹی صدر EVKS ایلن گوان نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ وہ گروپ بندی کا شکار ہیں اور تمام لیڈروں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت سے محروم ہیں اور بتایا کہ وہ صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر پردیش کانگریس کے وی تھنگا بابو کو یہ زیب نہیں دیتا کہ ان کی دیانداری اور ڈسپلن پر انگشت نمائی کرے اور اثاثہ جات کے انکشاف کا چیلنج کرے ۔ ایلن گوان نے دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھنگا بابو کو یہ اخلاقی حق نہیں ہے کہ میرے ڈسپلن ، کردار اور دیانتداری پر بات کرے ۔ میں اپنے اثاثہ جات کا انکشاف کرنے کے لیے تیار ہوں اور بہت جلد اپنی جائیدادوں کی تفصیلات کا اعلان کردوں گا ۔ قبل ازیں تاملناڈو کے سینئیر کانگریس قائد بشمول پی چدمبرم نے کل پارٹی سربراہ سونیا گاندھی سے ملاقات کر کے انہیں ( ایلن گوان ) کو ہٹا دینے کی خواہش کی تھی ۔ جس کے بعد وہ اپنی وضاحت پیش کرنے کے لیے دہلی آگئے ہیں ۔ مذکورہ پارٹی وفد میں 3 سابق صدور پردیش کانگریس بھی شامل تھے ۔ یہ شکایت کی کہ ایلن گوان آمرانہ روش اختیار کئے ہوئے ہیں اور پارٹی کے دیگر قائدین کو اپنے ساتھ لے کر نہیں چل رہے ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں پارٹی سرگرمیاں مفلوج ہوگئی ہیں ۔ تاہم ایلن گوان نے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ ممکنہ تعاون کررہے ہیں اور بتایا کہ وہ پارٹی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کر کے وضاحت پیش کریں گے ۔ سونیا گاندھی سے کل ملاقات کے بعد تھنگا بابو نے کہا تھا کہ ہم نے پارٹی سربراہ کو مطلع کیا ہے کہ تاملناڈو میں پارٹی کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں اور پارٹی صدارت میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور ایک فعال اور ڈسپلن لیڈر نامزد کیا جائے جو کہ ہائی کمان کا وفادار اور کارکنوں کا پر اعتماد ہو ۔۔

TOPPOPULARRECENT