Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اِجتماع کا کل آغاز ، فقیدالمثال تیاریاں

تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اِجتماع کا کل آغاز ، فقیدالمثال تیاریاں

حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع عام کی تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں اور پہاڑی شریف کے قریب جہاں 21 تا 23 نومبر 2015ء بروز ہفتہ ، اتوار اور پیر یہ اجتماع منعقد ہونے جارہا ہے، شرکاء کیلئے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہاں تبلیغی جماعت کا یہ پہلا اجتماع ہوگا جس میں ایک اندازہ کے مطابق 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اسی مناسبت سے تمام کے رہنے کیلئے عارضی خیمے قائم کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ان کے طعام کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، یہی نہیں بلکہ پانی کا عارضی ذخیرہ آب تیار کیا گیا تاکہ کسی طرح کی مشکل درپیش نہ ہو۔ مصلیوں کیلئے وضوگاہ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے اس ذخیرہ آب اور وضو خانہ کے علاوہ بیت الخلاؤں کی تعمیر میں مدد کی ہے۔ سہ روزہ اجتماع کیلئے مختلف مقامات سے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ معروف علمائے کرام بھی شرکت کریں گے۔ تربیتی اجتماع میں عوام کی کثیر تعداد کے پیش نظر انتظامات کئے جارہے ہیں اور کوشش اس بات کی ہورہی ہے کہ شرکاء کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہو۔ دین سے رغبت اور زندگی کو اسلامی طرز پر سنوارنے کے ساتھ ساتھ اسلامی ذہن سازی میں اس طرح کے دینی اجتماعات نمایاں رول ادا کرتے ہیں۔ ان اجتماعات کے ذریعہ جہاں اسلامی معلومات بہم پہونچائی جاتی ہیں، وہیں ان کی تربیت کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ تبلیغی جماعت کے ذمہ داران تین دن کے دوران منعقد ہونے والے پروگرامس سے خطاب کریں گے اور خصوصی رقت انگیز دعاؤں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ شرکاء کی آمدورفت کے لئے خصوصی انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔ مولانا الیاس کاندھلوی نے 1927ء میں دہلی کے قریب میوات علاقہ میں تبلیغی جماعت کی بنیاد رکھی تھی جس کے بعد سے اس کی سرگرمیاں تیزی سے پھیلتی گئیں اور آج دنیا بھر میں تبلیغی جماعت دینی خدمات انجام دینے میں مصروف ہے۔

TOPPOPULARRECENT