Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تجارتی دفاتر کیلئے حیدرآباد کو حصول جائیداد میں اہم مقام

تجارتی دفاتر کیلئے حیدرآباد کو حصول جائیداد میں اہم مقام

تیز رفتار ترقی کے روشن امکانات، کارپوریٹ اداروں کیلئے کفایتی مقام
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) تجارتی دفاتر کے لئے حیدرآباد میں جائیداد کے حصول کے رجحان میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ جاریہ سال کے تیسرے سہ ماہی کے دوران ریکارڈ کئے گئے سروے کے مطابق ہندوستان کے 8 شہروں میں حیدرآباد سرفہرست رہا جہاں تجارتی دفاتر کے لئے جگہ حاصل کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال کے تیسرے سہ ماہی کے دوران شہر حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے علاقوں کے علاوہ شہر کے مرکزی علاقوں میں 2.4 ملین اسکوائر فٹ جگہ تجارتی اغراض کے لئے حاصل کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے اعتبار سے حالیہ عرصہ میں حیدرآباد میں دفاتر کے لئے جگہ کے حصول کے تیز رجحان کی وجہ شہر کی تیز رفتار ترقی امکانات بتائے جارہے ہیں۔ سال گزشتہ یعنی 2014 ء کے ریکارڈس کا جائزہ لیا جائے تو اس سال جولائی تا ستمبر کے درمیان حیدرآباد میں دفاتر کے لئے جگہ حاصل کرنے کے رجحان میں 129 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کشمان اور ویک فیلڈ جیسے عالمی اداروں کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق حیدرآباد کو ملک کے 8 شہروں بالخصوص احمدآباد، کولکتہ، پونے، دہلی، بنگلور، چینائی پر سبقت حاصل ہوئی ہے اور کارپوریٹ اداروں کی جانب سے حیدرآباد میں دفاتر کے لئے جگہ حاصل کی جانے لگی ہے۔ حیدرآباد اور کولکتہ میں آفس کے لئے جگہ حاصل کرنے کے رجحان میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں دفاتر کے لئے جگہ کے حصول میں کارپوریٹ اداروں کی دلچسپی اس لئے بھی ہے کہ حیدرآباد میں جائیدادوں کے کرایہ اور لیز کی معاملتیں دیگر شہروں کے مقابلہ کافی کفایتی ہیں۔ اسی لئے کارپوریٹ ادارے شہر حیدرآباد کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اسی طرح ریاست آندھراپردیش میں فی الحال صدر مقام نہ ہونے اور شہری سہولتیں فوری طور پر دستیاب نہ رہنے کے سبب آندھراپردیش میں سرگرمیاں انجام دینے والی کمپنیوں کے دفاتر بھی حیدرآباد میں قائم کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے اس رجحان میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT