Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تجارت کو آسان بنانے والی ریاستوں میں گجرات سرفہرست

تجارت کو آسان بنانے والی ریاستوں میں گجرات سرفہرست

تلنگانہ میں بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ، صنعت کاری اور مواقع فراہم کئے جائیں
حیدرآباد ۔ 14 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز ) ہندوستانی ریاستوں میں تجارت کو آسان بنانے والی ریاستوں کی فہرست میں گجرات کو اولین مقام حاصل ہوا ہے جبکہ ابتدائی دس ریاستوں کی فہرست میں ریاست تلنگانہ کا نام موجود نہیں ہے ۔ ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ملک بھر میں تجارت کو آسان بنانے والی ریاستوں میں سب سے بہترین ریاست گجرات ہے جسے 71.14 فیصد نشانات دیئے گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ریاست آندھراپردیش ہے جسے ورلڈ بینک نے 70.12فیصد نشان فراہم کئے ہیں۔ اسی طرح ابتدائی دس ریاستوں میں جھارکھنڈ ، چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، اڈیشہ ، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور اُترپردیش شامل ہے جبکہ تلنگانہ 13 ویں نمبر پر ہے جسے 42.45 فیصد نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ تلنگانہ سے بہتر صورتحال مغربی بنگال اورٹاملناڈو کی بتائی گئی ہے ۔ ہریانہ ، دہلی ، پنجاب ، ہماچل پردیش وغیرہ میں حالت مزید ابتر ہے جبکہ ورلڈ بینک کی جانب سے تیار کردہ یہ فہرست ہندوستانی ریاستوں کے علاوہ مرکزی زیرانتظام علاقوں پر مشتمل ہے جن کی جملہ تعداد 32 ہوتی ہے ۔ آخری 32 ویں نمبر پر اروناچل پردیش ہے جسے 1.23 فیصد نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ تجارتی اُمور کو آسان بنانے والی ریاستوں کی فہرست جو کہ ورلڈ بینک کی جانب سے تیار کی گئی ہے اس پر حکومت ہند نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس بات کا ادعا کیا جارہا ہے کہ آئندہ برس تک ہندوستان کو مجموعی اعتبار سے ابتدائی پچاس ممالک کی فہرست میں شامل کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ فی الحال 189 ممالک کی فہرست میں ہندوستان کو 142 واں رینک حاصل ہوا ہے۔ ریاست تلنگانہ کو 13 واں مقام حاصل ہونے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاست میں تجارتی اُمور کو بہتر بنانے اور آسانیاں پیدا کرنے کے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ چونکہ منقسم ریاست آندھراپردیش کو حاصل دوسرا درجہ ریاست تلنگانہ کیلئے مسابقت میں طویل مدتی دشواریوں کاسبب بن سکتا ہے ۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ بیرونی سرمایہ کاروں کے علاوہ تاجرین کو متاثر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اسی لئے حکومت تلنگانہ کو بھی چاہئے کہ حکومت فوری طورپر ضروری اقدامات کرتے ہوئے صنعت کاروں اور تاجرین کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کا آغاز کرے تاکہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔

TOPPOPULARRECENT