Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تحریک تلنگانہ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں

تحریک تلنگانہ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں

سریکانت چاری کو خراج، وزیرداخلہ این نرسمہاریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران سریکانت چاری اور دیگر نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دیتے ہوئے تحریک کو نئی جلا بخشی تھی اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔ وزیر داخلہ نے تلنگانہ تحریک کے دوران خود سوزی کرنے والے نوجوان سریکانت چاری کی ساتویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ کے ساتھ ہر شعبہ میں جو ناانصافیاں کی گئی تھیں ان کے خاتمہ کی امید کے ساتھ نوجوان تحریک سے وابستہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور تلنگانہ کے وسائل کے تحفظ کی فکر تھی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے تحریک کی قیادت کرتے ہوئے ہر شعبہ کے ساتھ مناسب انصاف اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا وعدہ کیا تھا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے نوجوانوں کی عین خواہش تھی کہ تلنگانہ کا ہر شخص خوشحال رہے۔ ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ٹی آر ایس حکومت ہر شہری کے چہرے پر خوشی لانے اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے جان کی قربانی دینے والے عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے وعدہ کے مطابق جان دینے والے افراد کے خاندانوں کی بھلائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔ اپنی جان قربان کرنے والے ہر شخص کے خاندان کو 10 لاکھ روپئے کی امداد کے سی آر حکومت نے فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران جو مقدمات درج کئے گئے تھے ان تمام سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ تحریک سے وابستہ افراد کیلئے کے چندر شیکھر راؤ نے جو اقدامات کئے انہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔ نہ صرف حکومت بلکہ پارٹی میں انہیں اہم ذمہ داریاں دی گئیں۔ وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ان طاقتوں کو عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ تلنگانہ کے عوام پوری طرح کے سی آر کے ساتھ ہیں اور اپوزیشن کا آئندہ انتخابات میں مکمل طور پر صفایا ہوجائے گا۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں سب سے پہلے اپنی جان کی قربانی دینے والے سریکانت چاری تھے اور ان کی قربانی کے بعد تحریک نے شدت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک میں جان کی قربانی دینے والوں کے خاندانوں کو روزگار کی فراہمی کے ذریعہ ان کا تحفظ کیا گیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی خواہشات کے عین مطابق حکومت کام کررہی ہے اور کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت فلاحی اسکیمات میں ملک کی دیگر ریاستوں میں نمبر ون موقف حاصل کرچکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT