Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / تحفظات سے مسلمانوں کی ترقی کی راہ ہموار : محمود علی

تحفظات سے مسلمانوں کی ترقی کی راہ ہموار : محمود علی

چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤکا انتخابی وعدہ پور ا: فرقہ پرستوں کو سخت پیام

حیدرآباد۔16اپریل (سیاست نیوز) اقتدار کے تحفظ کیلئے سیاسی جماعتیں ہر طرح کے حربے اختیار کرتی ہیں لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام تر مخالفتوں اور خوفزدہ کرنے کی کوششوں کونظر انداز کرتے ہوئے اپنے انتخابی وعدہ کی تکمیل کے ذریعہ مسلمانوں کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کو منظوری دیئے جانے پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مسلمانو ںکا مسیحا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے ملک کے موجودہ حالات میں مسلمانو ںکو تحفظات کی فراہمی کے بل کومنظور کرواتے ہوئے فرقہ پرست قوتوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہندستان کی ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کے لئے آواز اٹھانے والی اور ان کی ڈھال بننے والی کوئی تو سیاسی جماعت ہے جو اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے اقتدار کی پرواہ کئے بغیر ان کے مفادات کا تحفظ کرنے والی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ میں مسلم تحفظات کے وعدہ کو پورا کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے جن حالات میں یہ فیصلہ کیا ہے اس سے چیف منسٹر کی دوراندیشی اور مسلم ہمدردی ثابت ہوتی ہے۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ ملک بھر میں کسی چیف منسٹر میں اتنی طاقت نہیں ہے کہ وہ برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالفت مول کر مسلمانوں کی ترقی کیلئے فلاحی اقدامات کرے لیکن چیف منسٹر تلنگانہ نے مسلمانو ںکی ترقی کے لئے تحفظات کو اہم زینہ قرار دیا تھا اور آج اس زینہ پر مسلمانو ں کو چڑھادیا ہے ۔ جمہوری طرز حکمرانی میں تمام طبقات کی ترقی حکومت کی ذمہ داری ہوا کرتی ہے لیکن آزاد ہندستان کی تاریخ میں کسی بھی حکومت نے مساوات کی ایسی مثال پیش نہیں کی جس طرح چندرشیکھر راؤ نے اپنے دور اقتدار میں اندرون تین برس پیش کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT