Friday , October 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تحفظات فراہمی کا وعدہ پورا کرنے کے سی آر سے مطالبہ

تحفظات فراہمی کا وعدہ پورا کرنے کے سی آر سے مطالبہ

کورٹلہ میں دستخطی مہم ، مقامی قائدین کی مخاطبت
کورٹلہ /27 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے انتخابات کے موقع پر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا جو وعدہ کیا گیا تھا ۔ اُسے عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ادارہ روزنامہ سیاست کی جانب سے جو تحریک شروع کی گئی ہے اس تحریک کے ضمن میں 27 مئی 2016 بعد نماز جمعہ مکہ مسجد کورٹلہ 12 فیصد مسلم تحفظات کمیٹی کورٹلہ کی جانب سے دستخطی مہم شروع کی گئی ۔ اس دستخطی مہم میں مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقع پر کی گئی اپنی تقریر میں جناب محمد مظہرالدین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کورٹلہ نے کہا کہ ٹی آر ایس سربراہ جناب کے سی آر نے انتخابات کے موقع پر مسلمانوں سے ووٹ حاصل کئے لیکن جناب کے سی آر کی حقیقت اس وقت آشکار ہوگئی کہ کے سی آر نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی سے ملاقات کے دوران دیگر طبقات کے تحفظات کی فراہمی کے سلسلے میں تذکرہ کیا لیکن مسلمانوں کے تحفظات کے بارے میں خاموشی اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ جناب کے سی آر کے قول و فعل میں تضاد پایا جاتا ہے ۔

انہوں نے مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کے سلسلے میں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی جانب سے جو تحریک شروع کی گئی ۔ اس تحریک کے آغاز کرنے پر ادارہ روزنامہ سیاست خصوصاً جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست سے اظہار تشکر کیا ۔ جناب الیاس احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ جناب محمد نجیب الدین صدر مسلم امپاورمنٹ فورم و قائد ٹی آر ایس پارٹی نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کو اقتدار میں آئے دو سال کا عرصہ ہو رہا ہے ۔ ان دو سال میں مسلم تحفظات کی فراہمی کے سلسلے میں کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب کے سی آر اقلیتوں کی ترقی و فلاح و بہبودی کے سلسلے میں کئی ایسے اقدامات کر رہے ہیں جن کا انتخابات کے موقع پر کے سی آر نے مسلمانوں سے وعدہ نہیں کیا تھا لیکن 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا کے سی آر نے خود انتخابات کے موقع پر اپنی جانب سے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے جناب کے سی آر سے انتخابات کے موقع پر مسلمانوں سے کئے گئے وعدہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ جو کورٹلہ میں گذشتہ ایک ماہ سے مسلم تحفظات کے سلسلے میں دستخطی مہم چلارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا جو وعدہ کیا گیا تھا ۔ اسے عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی جانب سے جو مہم شروع کی گئی ہے ۔ اس کی گونج آج سارے تلنگانہ میں سنائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے دستخطی مہم میں حصہ لینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔ اس مہم میں جناب ظہیرالدین تاجر بنڈہ پلی ، جناب محمد عبدالمنصور نامہ نگار سیاست کتھلاپور صدر حیدر گوڑہ یوتھ جناب محمد شکیل حیدرگوڑہ یوتھ کے ممبروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

TOPPOPULARRECENT