Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تحفظات کے مسئلہ پر مسلمان اور درج فہرست قبائل الجھن کا شکار

تحفظات کے مسئلہ پر مسلمان اور درج فہرست قبائل الجھن کا شکار

ٹی آر ایس کا وعدے سے انحراف ، نوجوان حصول روزگار کے منتظر ، اسمبلی میں ومشی چندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 21 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی ومشی چندر ریڈی نے مسلم تحفظات کے مسئلہ پر ٹی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت نے تحفظات کے مسئلہ پر مسلمانوں اور درج فہرست قبائل کو الجھن میں مبتلا کردیا ہے۔ اسمبلی میں بہبودی سے متعلق چار محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ومشی چندر ریڈی نے کہا کہ انتخابات سے قبل ٹی آر ایس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان سے انحراف کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کیا گیا لیکن حکومت کی تشکیل کے بعد اس وعدہ کو فراموش کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں درج فہرست قبائل 12 فیصد تحفظات کے انتظار میں ہیں تاکہ ان کی پسماندگی دور ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں بیروزگار نوجوانوںکو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا جس کے سبب نوجوانوں نے جوش و خروش سے تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا لیکن آج تک نوجوانوں کو تقررات کے نوٹفکیشن کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے  اپنی جانیں قربان کرنے والے افراد کے پسماندگان کے ساتھ حکومت نے دھوکہ کیا ہے۔ شہدائے تلنگانہ کے افراد خاندان کو فی کس 10 لاکھ روپئے ، روزگار اور زمین کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک حکومت شہدائے تلنگانہ کے سروے میں مصروف ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ حکومت جامع سروے کے نام پر ایک دن میں گھر گھر سروے مکمل کرسکتی ہے لیکن وہ شہدائے تلنگانہ کی تعداد کا پتہ نہیں چلا سکتی۔ حکومت نے یادگار کی تعمیر کا اعلان کیا تھا تاہم دو سال گزرنے کے باوجود آج تک پیشرفت نہیں کی گئی۔ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کے وعدہ کا ذکر کرتے ہوئے ومشی چندر ریڈی نے کہا کہ جس وعدہ کی بنیاد پر ٹی آر ایس اقتدار میں آئی ، اسے فراموش کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر ہر شعبہ میں وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کیا۔ کانگریسی رکن نے کہا کہ انتخابات سے قبل کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن انتخابات کے بعد وہ خود اس عہدہ پر فائز ہوگئے ۔ کانگریسی رکن کے اس ریمارک پر ٹی آر ایس ارکان نے سخت احتجاج کیا اور ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے کانگریسی رکن کا مائیک بند کردیا۔

TOPPOPULARRECENT