Saturday , June 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تحفظات کے نام پر حکومت کا مسلمانوں کو دھوکہ : سبیتا اندرا ریڈی

تحفظات کے نام پر حکومت کا مسلمانوں کو دھوکہ : سبیتا اندرا ریڈی

2019 میں کانگریس کو اقتدار ملے گا ، کارتک ریڈی‘ شمس آباد میں اجلاس سے قائدین کا خطاب
شمس آباد 24 اپریل ( سیاست نیوز ) شمس آباد میں کانگریس منڈل میٹنگ منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ سبیتا اندرا ریڈی کانگریس پردیش نائب صدر و سابق وزیر داخلہ نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں بی سی ، ایس سی ، ایس ٹی اور میناریٹی سیل وغیرہ کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی  اور منتخب ہونے والے قائدین کو سرٹیفیکٹ دئیے گئے ۔ محترمہ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے تین سال کے دور میں صرف زبانی وعدے کئے گئے عملی کام انجام نہیں دیا گیا ۔ تلنگانہ ریاست محترمہ سونیا گاندھی نے طلبا کی خودکشی کو روکنے کی خاطر قائم کی ۔ طلبا نے نئی ریاست کیلئے قربانیاں دی لیکن چیف منسٹر سہرا اپنے سر لے رہے ہیں ۔ اب کے سی آر کانگریس کو بدنام کررہے ہیں ۔ اگر سونیا گاندھی علحدہ ریاست دینے سے انکار کرتیں تو ٹی آر ایس کا نام و نشان باقی نہیں رہتا ۔ریاست میں ایک ہی خاندان کی تاناشاہی چل رہی ہے ۔ کے سی آر نے انتخابات سے قبل کسانوں سے انصاف کا اعلان کیا لیکن 31 لاکھ کسانوں کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے اور کسان خود کشی کرنے پر مجبور ہے ۔ تین سال میں ایک بھی کسان کو پاس بک نہیں دئیے گئے ۔ کسانوں اور دیگر فنڈس کو مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا پر خرچ کئے جارہے ہیں ۔ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا میں قدیم تالابوں کی صفائی کے نام پر انہیں نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ دونوں اسکیموں کے ذریعہ کروڑہا روپئے کا غبن ہورہا ہے ۔ ریاست میں ہر گھر کو ایک ملازمت کا اعلان کیا لیکن صرف بے روزگاری میں اضافہ ہوا ۔ اساتذہ کی جائیدادوں کو پر کرنے میں بھی حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ کے جی تا پی جی کے نام پر دھوکہ ، فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم ادا نہیں کی گئی ۔ ڈاکرا خواتین کے گروپس کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ۔ حکومت نے ایک بھی نیا تالاب نہیں بنایا موجودہ تالابوں میں کھدوائی کر کے فنڈس منظور کر کے اپنے جیب گرم کررہی ہے ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے نام پر حکومت دھوکہ دے رہی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت ایک منصوبہ کے تحت چار فیصد کو بھی برخواست کرنے کی سازش کررہی ہے ۔ جس کیلئے اس نے 12 فیصد تحفظات کا اعلان کیا ۔ یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کرتے بی جے پی حکومت اسے دونوں ایوانوں میں نا منظور کریگی اور اب موجودہ چار فیصد تحفظات کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ریاست ایک لاکھ بیس ہزار کروڑ کے قرض میں ڈوبی ہوئی ہے اور اب وہ ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ آنے والے انتخابات میں عوام حکومت کو سبق سکھائیں گے ۔ کارتک ریڈی چیوڑلہ انچارج نے کہا کہ ہمیں بوتھ سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور آئندہ انتخابات تک پارٹی کو مضبوط بنانا ہمارا فرض ہے ۔ پرانہیتا چیوڑلہ پراجاکٹ کے نام پر رنگاریڈی کے ساتھ نا انصافی کی گئی ہے ۔ گرام پنچایتوں کو دو سال سے ٹی ڈی نہیں دیا جارہا ہے ۔ ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کرنے انہیں فنڈس منظور کرنے کا وعدہ کیا جارہا ہے ۔ کارتک نے کہا کہ 2019 انتخابات میں کانگریس دوبارہ اقتدار حاصل کریگی اور GO III کو منسوخ کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں تیس ہزار مکانات تعمیر کئے گئے جو ابھی تک جوں کے توں پڑے ہیں انہیں بے گھر افراد میں تقسیم تک نہیں کیا گیا ۔ شمس آباد کے موضع پالماکول میں ہزار مکانات تعمیر کئے گئے ۔ یہ بھی تقسیم نہیں کئے گئے ۔ شمس آباد کی ترقی میں رکن اسمبلی پرکاش گوڑ رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔ اجلاس میں وینوگوڑ کانگریس منڈل صدر ، چکلہ ایلیا ، منڈل صدر ، ستیش زیڈ پی ٹی سی ممبر ، راچا ملا سدیشور سرپنچ ، محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ ، سید رفیع الدین قادری کانگریس میناریٹی سیل صدر ، تاج بابا میناریٹی سیل ٹاون صدر کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اجلاس میں منڈل کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کیں ۔ جنہیں محترمہ سبیتا اندرا ریڈی اور کارتک ریڈی نے کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT