Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے دہلی حکومت کا اعلان

تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے دہلی حکومت کا اعلان

کجریوال کے خلاف ارون جیٹلی آج ہتک عزت مقدمہ دائر کریں گے
نئی دہلی ۔ /20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن ( ڈی ڈی سی اے) امور پر سیاسی لڑائی آج مزید شدت اختیار کرگئی اور عام آدمی پارٹی حکومت نے مبینہ طور پر بے قاعدگیوں کا جائزہ لینے کیلئے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا اعلان کیا ۔ دوسری طرف مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے دہلی چیف منسٹر اروند کجریوال کے خلاف ہتک عزت مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ کل کجریوال اور عام آدمی پارٹی کے 5 قائدین کے خلاف دہلی کی عدلیہ سے رجوع ہوں گے ۔ جاریہ سیاسی لڑائی کے دوران حکومت دہلی نے سابق سالیسٹر جنرل گوپال سبرامنیم کی زیرصدارت تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا اعلان کیا جو دارالحکومت کے کرکٹ ادارہ میں مالی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کریں گے ۔ اس سے پہلے عام آدمی پارٹی نے ارون جیٹلی کی زیرصدارت 13 سال کے دوران ڈی ڈی سی اے میں مبینہ طور پر بے قاعدگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ ارون جیٹلی نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے ۔ حکومت دہلی کے ترجمان نے کہا کہ تحقیقات بہت جلد شروع ہوگی ۔ ارون جیٹلی نے کجریوال پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے خلاف جھوٹے اور ہتک آمیز بیانات دے رہے ہیں ۔ وہ کل کجریوال اور 5 دیگر عاپ قائدین کے خلاف ہتک عزت مقدمہ دائر کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی نے جوابی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ پارٹی کے لیڈر دیپک باجپائی نے کہا کہ اس طرح کی اشتعال انگیزی کے حربے ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے ۔ ارون جیٹلی کو چاہئیے کہ وہ ہمیں اس طرح دھمکانے کے بجائے جو سوالات کئے گئے ہیں ان کا جواب دیں ۔ وہ ہمیں عدالت میں لے جائیں گے اور ہم انہیں عوامی عدالت میں لے جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT