Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ترقیاتی اسکیموں کے نام پر حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے

ترقیاتی اسکیموں کے نام پر حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے

2019 انتخابات میں ٹی آر ایس حکومت کو عوام سبق سکھائیں گے : سبیتا اندرا ریڈی کا خطاب
شمس آباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : مہیشورم منڈل میں حکومت کی جانب سے 1689 راشن کارڈس منسوخ کردئیے گئے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مقامی قائدین کی جانب سے احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مسز سبیتا اندرا ریڈی سابق ہوم منسٹر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنی مخاطبت میں کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد ٹی آر ایس اقتدار پر آئی انتخابات سے قبل کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ۔ اور اس کے بعد سے عوام کے مسائل میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ سروے کے نام پر ہزاروں راشن کارڈس منسوخ کردئیے گئے ۔ جس سے غریب عوام بے حد متاثر ہورہی ہے ۔ صرف مہیشورم منڈل میں ہی 1689 راشن کارڈس منسوخ کردئیے گئے ۔ راشن کارڈس منسوخ ہونے سے عوام کو راشن بند ہوجائے گا ۔ جس کے کئی نقصانات ہوں گے ۔ فیس ری ایمبرسمنٹ طلباء کو حاصل نہیں ہوگی ۔ آروگیہ شری کارڈ بند ہوجائے گا ۔ پنشن نہیں ملے گا ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے خاندانی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے ۔ ضلع رنگاریڈی میں راشن کارڈ منسوخ ہونے سے تین لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوں گے ۔ حکومت کو راشن کارڈ منسوخ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ کانگریس کے دور میں ہر گھر کو راشن کارڈ فراہم کیا گیا تو ٹی آر ایس اسے منسوخ کررہی ہے ۔ ڈبل بیڈ روم کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ ڈھائی سال گزر جانے کے بعد بھی ایک بھی شخص کو ڈبل بیڈروم نہیں دیا گیا ۔ حکومت فیس ری ایمبرسمنٹ کے 3100 کروڑ بقایا جات کی منظوری بھی نہیں کررہی ہے ۔ جس سے طلباء کا مستقبل خطرہ میں پڑ گیا ہے ۔ اسکولس وکالجس کی فیس میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس کسانوں کے مسائل پر بھی کوئی کام نہیں کررہی ہے ۔ بتکماں کے نام پر کروڑہا روپئے منظور کررہے ہیں ۔ غریب عوام اور طلباء کے تعلق سے حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے ۔ کانگریس کے دور میں عوام حوشحال زندگی گزار رہی تھی اور ہر ایک کو روزگار کے موقع فراہم کیے جارہے تھے ۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت میں عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ تلنگانہ حکومت ترقیاتی اسکیموں کے نام پر عوام کو صرف دھوکہ دے رہی ہے اور عوام 2019 انتخابات میں ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گی ۔ 2019 انتخابات میں کانگریس دوبارہ اقتدار حاصل کرے گی اس کے بعد ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے ۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا اعلان بھی صرف زبانی وعدہ تھا آج تک اس پر عمل نہیں کیا گیا ۔ محمد اسمعیل نامی شخص جن کا ایک ہاتھ نہیں ہے ان کی پنچر کی دکان ہے ان کا بھی راشن کارڈ منسوخ کردیا گیا وجہ طلب کرنے پر بتایا گیا ہے کہ ان کے نام پر کار ہے ۔ محمد اسمعیل نے مطالبہ کیا کہ حکومت انہیں راشن کارڈ دے یا پھر کار دیں تاکہ وہ اپنی غریبی مندگی کو سنوار سکے ۔ اس موقع پر کارتیک ریڈی چیوڑلہ پارلیمنٹ انچارج ، انیہا منڈل صدر مہیشورم ، ایم شیوا مورتی کانگریس منڈل صدر کے علاوہ دیگر قائدین نے مخاطب کیا ۔ جلسہ کے اختتام کے بعد سبیتا اندرا ریڈی نے تمام خواتین سے درخواستیں حاصل کرتے ہوئے مہیشورم تحصیلدار کو ایک یادداشت بدریعہ منڈل صدر پیش کیں ۔ جس میں تمام منسوخ راشن کارڈس کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے مہیشورم منڈل کی عوام کو تیقن دیا کہ وہ انہیں راشن کارڈس دلانے تک ان کے ساتھ رہ کر انہیں انصاف دلائیں گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT