Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ترقیاتی فنڈ کا ہر روپیہ اب عوام تک پہنچے گا

ترقیاتی فنڈ کا ہر روپیہ اب عوام تک پہنچے گا

نظام آباد میں کمشنریٹ کی افتتاحی تقریب سے ایم پی کویتا اور پی سرینواس ریڈی کا خطاب

نظام آباد:11؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )اضلاع کی تشکیل جدید کے تحت نظام آباد میں پولیس کمشنریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا آج پولیس کمشنریٹ کا افتتاح وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی، رکن پارلیمان نظام آباد کے کویتا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر نظم و نسق کی انجام دہی کیلئے ریاست بھر میں نئے اضلاع کے قیام کے علاوہ امن و ضبط کی برقراری کیلئے نئے پولیس کمشنریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ریاست بھر میں چار پولیس کمشنریٹ تھے لیکن اب5 نئے پولیس کمشنریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ 10لاکھ آبادی پر مشتمل شہروں  کوپولیس کمشنریٹ میں تبدیل کیا گیا ہے ۔نظام آباد پولیس کمشنریٹ میں ہرطریقے سے امن و ضبط برقرار رہنے کی توقع ظاہر کی۔ انہوں نے ضلع کلکٹر ڈاکٹر یوگیتا رانا کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ36 منڈلوں کی عوام سے ربط پیدا کرنے میں کامیاب رہی اور ضلع کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے ہیں اور ضلع کے 26 منڈلوں میں بھی اسی طرح خدمت انجام دینے کی توقع ظاہر کی۔ اس موقع پر رکن پارلیمان نظام آباد کے کویتا نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ چھوٹے اضلاع سے نظم و نسق میں سہولت ہوگی اور حکومت کا ہر روپیہ عوام تک پہنچے گا عام طور پر یہ کہاوت ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ فنڈ کا 28 فیصد حصہ ہی عوام تک پہنچ رہا ہے لیکن اب یہ صورتحال نہیں رہے گی اور ہر روپیہ عوام تک پہنچے گا۔ ضلع کی آبادی 10لاکھ ہے تو 4تا 5لاکھ افراد مختلف اسکیمات سے فائدہ حاصل کررہے ہیں جن میں آسراوظائف، بیڑی وظائف و دیگر اسکیمات بھی شامل ہے ۔شریمتی کے کویتا نے کہا کہ نظام آباد میں کمشنریٹ کا قیام کا مقصد امن و ضبط کی برقراری ہے امن و ضبط کی برقراری کیلئے ریاست بھر میں 5 نئے کمشنریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا نے تقریب کی صدارت کی اور کمشنریٹ کے قیام کیلئے چیف منسٹر سے کی گئی نمائندگی پر کمشنریٹ کے قیام کے علاوہ VIٹائون پولیس اسٹیشن، ٹرافک پولیس اسٹیشن کا قیام عمل میں لانے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر کمشنر نظام آباد پولیس مسٹر کارتیکیانے اپنی تقریر میں کہا کہ نظام آباد کمشنریٹ میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور جس دن کا کام اسی دن کرتے ہوئے عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی۔  اس جلسہ کو قانون ساز کونسل کے اراکین آکولہ للیتا، ڈاکٹر بھوپتی ریڈی کے علاوہ ضلع کلکٹر ڈاکٹر یوگیتارانا ،مئیر آکولہ سجاتانے بھی مخاطب کیا ۔ اس جلسہ کی کارروائی ڈی سی پی نارتھ زون آنند کمار نے چلائی ۔ وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی کمشنریٹ پہنچنے پر پولیس کمشنر کارتیکیا نے ان کا خیر مقدم کیااور پولیس سلامی دی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT