Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / ترکی سے تنازعہ میں شدت، سفر کیخلاف ہالینڈ کا انتباہ

ترکی سے تنازعہ میں شدت، سفر کیخلاف ہالینڈ کا انتباہ

دی ہیگ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ہالینڈ نے اپنے شہریوں کو ترکی کے سفر کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ہالینڈ کی وزارتِ خارجہ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات میں ترکی میں موجود ہالینڈ کے شہریوں کو محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔ رہے کہ جرمنی اور ہالینڈ کی جانب سے ترک حکومت کو اپنی سرزمین پر جلسے منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے پر ترک حکومت نے دونوں ممالک کے خلاف شدید ردِعمل ظاہر کیا تھا۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ان ممالک پر ‘نازی’ ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے باعث سفارت کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔اس حوالے سے ترکی نے ہالینڈ کے سفارتخانے میں باقاعدہ طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔دوسری جانب ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹا نے ترک صدر کے بیان کو ‘ناقابل قبول’ قرار دیا جبکہ جرمنی کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ ترکی ‘اپنے حواس بحال کر لے گا۔’ہالینڈ کے نائب وزیرِاعظم لوڈویجک آشر نے ترک صدر کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ’ ایک ایسی حکومت جو انسانی حقوق کے حوالے سے پیچھے جارہی ہے، اس کی جانب سے ہمیں نازی کہا جانا قابلِ نفرت ہے۔‘پیر کو ہالینڈ کی وزراتِ خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی سفری ہدایات میں ہالینڈ کے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ترکی میں مصروف مقامات پر جانے سے گریز کریں۔دوسری جانب ڈنمارک کے رہنما نے صدر اردوغان سے اپنی طے شدہ ملاقات ملتوی کردی ہے۔ڈینش وزیر اعظم لارس لوکے راسموسین نے کہا انھیں اس بات پر تشویش ہے کہ ترکی میں ‘جمہوری اقدار شدید دباؤ میں ہیں۔’انھوں نے مزید کہا کہ انھوں نے ملاقات کو اس لیے ملتوی کر دیا ہے کیونکہ اسے ترکی کی جانب سے ہالینڈ پر کی جانے والی تنقید سے علیحدہ نہیں دیکھا جا سکتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT